Dawn News Television

شائع 03 اپريل 2021 08:06pm

فنڈز اکٹھا کرنے کا الزام: جماعت الدعوۃ کے 6 رہنماؤں کو قید کی سزا

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے 6 رہنماﺅں کو فنڈز اکٹھا کرنے کے الزام میں قید کی سزا سنا دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز بٹر نے ٹرائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا اور جماعت الدعوۃ کے پروفیسر ظفر اقبال، محمد یحییٰ مجاہد، نصراللہ، سمیع اللہ اور عمر بہادر کو کالعدم جماعت کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے جرم میں 9، 9 سال قید کی سزا سنا دی۔

عدالت نے مجرمان کو 50، 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔

جماعت الدعوۃ کے پروفیسر حافظ عبدالرحمٰن مکی کو 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔

مجرمان پر پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے 2020 میں مقدمہ درج کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جماعت الدعوۃ کے 3 رہنماؤں کو مزید دو مقدمات میں سزائیں

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالتوں سے جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کو اس سے قبل بھی 3 درجن سے زائد مقدمات میں سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

لاہور کی ہی انسداد دہشت گردی عدالت نے غیر قانونی فنڈنگ کیس میں کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو مجموعی طور پر ساڑھے 15 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

خیال رہے کہ جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں پر کُل 41 مقدمات درج ہیں۔

Read Comments