Dawn News Television

شائع 19 مئ 2021 06:00pm

گوگل کا اپنی پراڈکٹس میں اہم تبدیلیاں کرنے کا اعلان

گوگل کی سالانہ آئی او ڈویلپر کانفرنس کے دوران کمپنی کی جانب سے کئی بڑے اعلان کیے گئے۔

گزشتہ روز شروع ہونے والی کانفرنس کے دوران ڈویلپرز کے ساتھ ساتھ صارفین کے لیے بھی اہم اعلانات کیے گئے۔

گوگل کی جانب سے ان تمام نئی چیزوں پر کام کیا گیا تو اس کی بیشتر پراڈکٹس بدل کر رہ جائیں گی۔

اس کانفرنس میں جو اہم اعلانات کیے گئے وہ درج ذیل ہیں۔

اینڈرائیڈ 12 کا نیا انداز

گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ 12 کا نیا 'میٹریل یو' ڈیزائن پیش کیا گیا جس میں متعدد نئی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اس میں متعدد رنگوں اور کسٹمائزیشن کی سہولت موجود ہے اور یہ موبائل آپریٹنگ سسٹم سسٹم کلرز کو بھی بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا تاکہ وہ وال پیپر سے مطابقت پیدا کعسکے۔

اس میں نئے پرائیویسی فیچرز بشمول پرائیویسی ڈیش بورڈ کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ اس کا بیٹا ورژن اب دستیاب ہے اور 11 کمپنیوں کے فونز پر کام کرسکے گا۔

گوگل ورک اسپیس کو زیادہ بہتر بنانا

گوگل کی جانب سے ورک اسپیس سافٹ ویئر کے لیے ایک نئے اسمارٹ کینوس کا اعلان کیا گیا جو اس پر کام کو مزید آسان بنائے گا۔

اس میں مختلف فیچرز جیسے اسمارٹ چپس موجود ہوں گے جو صارف کو دیگر ورک اسپیس ایپس سے منسلک کرنے کے ساتھ گوگل ڈوک، شیٹ یا سلائیڈ پر بھی میٹ ویڈیو کال کی سہولت فراہم کرے گا۔

گوگل اور سام سنگ کا اپنے اسمارٹ واچ او ایس اکٹھا کرنے کا اعلان

گوگل کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ اس کا ویئر او ایس (جسے اب واچ کہا جائے گا) اور سام سنگ کے ٹیزین آپریٹنگ سسٹم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا، جس سے ایپس لانچنگ زیادہ تیز ہوگی اور بیٹری لائف لمبی ہوگی۔

پراجیکٹ اسٹار لائن

گوگل کی جانب سے پراجیکٹ اسٹار لائن کا مظاہرہ کیا گیا جس میں ہائی ریزولوشن کیمروں اور ڈیپتھ سنسرز کو استعمال کرکے کسی فرد کا رئیل ٹائم تھری ڈی ماڈل تیار کیا جاتا ہے، جس سے فیس ٹو فیس میٹنگ کا احساس ہوتا ہے۔

گوگل کا نیا کیمرا

گوگل کی جانب سے اس کے کیمرے اور امیجنگ پراڈکٹس کو اپ ڈیٹ کرنے پر بھی کام کیا جارہا ہے جس کا مقصد تصاویر میں جلد کی رنگت کو درست پیش کرنا ہے۔

گوگل فوٹوز اپ ڈیٹ

گوگل فوٹوز کے لیے نیا سنیماٹک مومنٹس نامی فیچر کا اضافہ کیا جارہا ہے جو 2 تصاویر کو استعمال کرکے ایک حرکت کرتی فوٹو تیار کرسکے گا۔

گوگل کی جانب سے میموریز کی نئی قسم کا اضافہ بھی کیا جارہا ہے، اسی طرح گوگل کی جانب سے فوٹوز میں تصاویر کو پاس ورڈ پروٹیکٹڈ فولڈر میں محفوظ کرنے کا فیچر بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔

یہ تصاویر ایپ میں اسکرولنگ کے دوران نظر نہیں آئیں گی، یہ فیچر پہلے گوگل پکسل اور پھر دیگر اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں دستیاب ہوگا۔

پاس ورڈ منیجر میں تبدیلیاں

گوگل کی جانب سے کسی ویب سائٹ کے محفوظ پاس ورڈ کو گوگل پاس ورڈ منیجر کے اندر بدلنے کے ایک نئے ذریعے کا بھی اعلان کیا گیا۔

یہ فیچر بتدریج تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

گوگل میپس اے آئی لائیو ویو ٹول

گوگل کی جانب سے میپس میں بھی تبدیلیاں کی جارہی ہیں، جس میں ایک نیا فیچر لائیو ویو آگیومنٹڈ رئیلٹی ٹول کا بھی ہے۔

گوگل کی جانب سے ایسے فیچرز کا بھی اضافہ کیا جارہا ہے جو میپس کو زیادہ معلوماتی بنانے میں مدد فراہم کریں گے۔

اینڈرائیڈ ڈیوائسز کی تعداد

گوگل نے اعلان کیا ہے کہ اس وقت 3 ارب سے زیادہ ایکٹیو اینڈرائیڈ ڈیوائسز دنیا بھر میں استعمال کی جارہی ہیں۔

نیا ہیلتھ ٹول

گوگل کی جانب سے ایک نئے ہیلتھ ٹول کو بھی پیش کیا گیا جس کے ذریعے صارف جلد کے کسی متاثرہ حصے کی تصویر لے کر جلدی امراض کے بارے میں جان سکے گا۔

یہ ٹول رواں سال کسی وقت ابتدائی طور پر متعارف کرایا جائے گا۔

Read Comments