Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 مئ 2021 12:10pm

وزیراعظم کا دورہ این سی اے، پاکستان کی جوہری صلاحیت پر اعتماد کا اظہار

وزیر اعظم عمران خان نے پاک فوج کی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی زیر انتظام جوہری سہولت گاہ کا دورہ کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 1998 کے ایٹمی دھماکوں کی 23 ویں سالگرہ کے ایک روز بعد ہونے والا یہ دورہ بظاہر اسی سے متعلق ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے جب سے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالا ہے اس وقت سے کسی جوہری سائٹ پر یہ ان کا پہلا دورہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں:27 فروری: ہم نے بااعتماد قوم کے طور پر جواب دیا، وزیراعظم

انہوں نے اب تک نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے کسی اجلاس کی صدارت بھی نہیں کی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم این سی اے کے سربراہ بھی ہیں جو جوہری معاملات کے فیصلے کرنے کا اعلیٰ ترین ادارہ ہے۔

دفتر وزیراعظم سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم کو پاکستان کے اسٹریٹجک پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں:فوج کےخلاف بات کرنے والوں کا علاج ہونے والا ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم نے پاکستان کے اسٹریٹجک پروگرام سے وابستہ تمام سائنسدانوں اور اہلکاروں کی انتھک کوششوں کو سراہا اور اس کا اعتراف کیا اور ساتھ ہی انہوں نے قومی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی ایٹمی صلاحیت اور تحفظ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم کی آمد پر ان کا استقبال چیئرمین جے سی ایس سی جنرل ندیم رضا اور ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج نے کیا۔

Read Comments