Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 جون 2021 10:21pm

بحریہ ٹاؤن میں مشتعل مظاہرین نے آگ لگائی، صوبائی وزرا

سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات ناصر حسین شاہ اور وزیراعلیٰ کے مشیر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کراچی میں احتجاج کیا گیا اور مشتعل مظاہرین نے آگ لگائی۔

بلاول ہاؤس کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی مشیر نثار کھوڑو اور ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ آج بحریہ ٹاؤن میں احتجاج ہوا ہے، مظاہرے کرنے والوں نے آگ لگائی، جس کے نتیجے میں بحریہ ٹاؤن میں عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

مزید پڑھیں: کراچی: بحریہ ٹاؤن کے گارڈز کی ملیر میں مبینہ فائرنگ سے شہری زخمی

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو احتجاج کرنے سے نہیں روک رہے ہیں، ہم نے بدامنی سے بچنے کے لیے پولیس کھڑی کی تھی کیونکہ انہوں نے کہا تھا کہ ہم بحریہ ٹاؤن کے دروازے پر احتجاج کریں گے لیکن انہوں نے ہائی وے بھی بند کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ ہماری آنکھوں کے سامنے ہوا، اندر گھس کر عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو چھپنے چھپانے کی ضرورت نہیں، پیپلز پارٹی ہے تو ہڑتال کرنے، دھرنا دینے کا حق دے رہی ہے، یہی وزیراعلیٰ نے کہا کہ روک تھام نہیں کریں گے، اسی لیے روک ٹوک نہیں ہوئی۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ کسی کو سندھ میں کاروبار کرنے سے روکا جائے، کسی کو کاروبار کرنے سے روکنے کے ہم خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے اندر اور ملحقہ علاقوں میں پتا نہیں کتنی ہاؤسنگ سوسائیٹیز بن رہی ہیں لیکن ہم نے کسی کو نہیں روکا کیونکہ کاروبار کرنا ان کا حق ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ یہ ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، ضرور پولیس کی کارروائی کے اندر آئے گا اور ہم اس کو بدامنی کا حصہ سمجھتے ہیں اور اگر توڑ پھوڑ ہوئی ہے اور کسی کی ملکیت کو نقصان پہنچا ہے، تو اس کو برداشت کرنے کی بات نہیں کرسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے قبضہ کیا ہے اور غیر قانونی طور پر کام کرناچاہتے ہیں تو ہم نے اس کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروائی ہے اور افسران کو سزا بھی دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: بحریہ ٹاؤن کے ملازمین کا احتجاج روکنے میں ناکامی، 2 پولیس افسران معطل

انہوں نے کہا کہ غیرقانونی قبضے کو ہم بھی برداشت نہیں کریں گے، مظاہرے کرنے والوں نے قانون کو ہاتھ میں لیا ہے اور ہائی وے بھی بند کیا، یہ غیرقانونی ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ مظاہرین نے کہا تھا کہ دھرنا نہیں ہوگا لیکن دھرنا ہوگیا، ہنگامہ کیا، آگ لگائی اور امن و عامہ کو ڈسٹرب کیا، میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کا طریقہ سندھ کی ترقی میں رکاؤٹ بنے گا۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مظاہرہن بحریہ ٹاؤن کےباہر احتجاج کر رہے ہیں اور اس دوران املاک میں آگ بھی لگائی گئی۔

بحریہ ٹاؤن کے دروازے پر آگ کے شعلے اور دھواں اٹھتا ہوا بھی دیکھا گیا، دیگر ویڈیوز میں مشتعل مظاہرین کو بحریہ ٹاؤن کراچی کے اندر توڑ پھوڑ کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

Read Comments