Dawn News Television

اپ ڈیٹ 04 اگست 2021 05:49pm

رئیل می کی میگ ڈارٹ میگنیٹک وائرلیس چارجنگ ڈیوائسز متعارف

ایپل نے آئی فون 12 کے ساتھ وائرلیس چارجنگ کا نیا میگ سیف سسٹم متعارف کرایا تھا اور اب پہلی بار رئیل می نے اینڈرائیڈ فونز کے لیے یہ ٹیکنالوجی پیش کی ہے۔

رئیل می کی جانب سے میگنیٹک وائرلیس چارجنگ سسٹم کو اینڈرائیڈ فونز کے لیے مختلف پراڈکٹس کی شکل میں متعارف کرایا ہے۔

رئیل می نے اس ٹیکنالوجی کو میگ ڈارٹ کا نام دیا ہے جو ایپل کے میگ سیف سسٹم کے مقابلے میں زیادہ تیز رفتار چارجنگ اسپیڈ فراہم کرتی ہے۔

اس ٹیکنالوجی پر مبنی بہترین ڈیوائس 50 واٹ میگ ڈارٹ چارجر ہے جسے رئیل می نے دنیا کا تیز ترین میگنیٹک وائرلیس چارجر قرار دیا ہے۔

رئیل می کا دعویٰ ہے کہ میگ ڈارٹ چارجر کو کمپنی کے 65 واٹ سپر ڈارٹ وائرڈ چارجر سے پلگ ان کیا جاتا ہے تو یہ 4500 ایم اے ایچ بیٹری کو 54 منٹ میں سو فیصد تک چارج کردیتا ہے۔

یہ وائرلیس چارجر لگ بھگ رئیل می کے 50 واٹ وائرڈ چارجر جتنا تیز رفتار ہے۔

رئیل می نے ایک اور 15 واٹ میگ ڈارٹ چارجر بھی متعارف کرایا ہے جو ایپل کے میگ سیف کی طرح نظر آتا ہے مگر کمپنی کے مطابق یہ 26.4 فیصد زیادہ پتلا اور زیادہ تیز چارجنگ اسپیڈ فراہم کرتا ہے۔

یہ 4500 ایم اے ایچ بیٹری کو 90 منٹ میں مکمل چارج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو ایپل کے 15 واٹ میگ سیف چارجر سے کافی زیادہ تیز ہے۔

اسی طرح ایک 2 ان 1 میگ ڈارٹ پاور بینک ہے جو ایپل کے میگ سیف بیٹری پیک سے ملتا جلتا ہے، جس کو فون اسٹینڈ کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ایک میگ ڈارٹ کیس ہے جو رئیل می کے نئے جی ٹی فلیگ شپ فون کے لیے متعارف کرایا گیا ہے جس میں یو ایس بی سی پورٹ اور ہیڈ فون جیک کی جگہ کے ساتھ میگ ڈارٹ کنکٹویٹی بلٹ ان ہے۔

میگ ڈارٹ والٹ بھی ایپل کے میگ سیف والٹ سے ملتا جلتا ہے مگر اس میں ایک کک اسٹینڈ بھی ہے۔

مگر سب سے بہتر میگ ڈارٹ بیوٹی لائٹ نامی ایسیسری ہے جو سیلفیز کے لیے فلپ اپ رنگ لائٹ ہے جو ریورس وائرلیس چارجنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

رئیل می کی جانب سے ان کی دستیابی یا قیمتوں کے حوالے سے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا ۔

Read Comments