Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 اگست 2021 04:42pm

متھیرا نے انسٹاگرام سے تمام تصاویر ڈیلیٹ کردیں

بولڈ ماڈل و اداکارہ متھیرا نے سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام سے ماہ محرم کے تقدس کی وجہ سے اپنی تمام تصاویر ہٹادیں۔

متھیرا کے انسٹاگرام پر لاکھوں فالوورز ہیں اور وہ وہاں پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں، جنہیں ہزاروں لوگ لائیک کرتے ہیں۔

متھیرا کی تصاویر کو انتہائی بولڈ اور نامناسب بھی قرار دیا جاتا رہا ہے لیکن انہوں نے ہمیشہ اپنی ہر تصویر اور ویڈیو پر تنقید کو مسترد کیا ہے، اب انہوں نے تمام تصاویر ہٹاتے ہوئے کہا ہے کہ ممکن ہے کہ ان کی کوئی نامناسب تصویر کسی کی دل آزاری کا سبب بنے، اس لیے انہوں نے تصاویر ہٹادیں۔

متھیرا نے 15 اگست کے بعد انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے ماہ محرم کے تقدس میں کچھ وقت کے لیے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردیں ہیں، کیوں کہ وہ مذکورہ مقدس مہینے کے 10 دن مجالس میں شرکت کریں گی۔

متھیرا نے لگا کہ محرم کے ابتدائی 10 دن ہر شخص کے لیے مختلف ہوتے ہیں اور وہ بھی ان دنوں میں مجالس میں جائیں گی، اس لیے انہوں نے اپنی تصاویر ہٹادیں ہیں لیکن ان کی کوئی نامناسب تصویر کسی کی دل آزاری کا باعث نہ بنے۔

یہ بھی پڑھیں: مرد و خواتین میں برابری کی باتیں کرنا بے وقوفی ہے، متھیرا

ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ہر انسان کی زندگی گزارنے کا اپنا طریقہ ہے، اس لیے ان کے طریقے پر سوال اٹھانا بند کیے جائیں۔

بعد ازاں متھیرا نے انسٹاگرام پر ماہ محرم کے حوالے سے صرف دو پوسٹس ہی کیں لیکن انہوں نے اسٹوریز میں مجالس میں شرکت کرنے کی اپنی ویڈیو بھی شیئر کی۔

ان کی جانب سے شیئر کی جانے والی مختصر دورانیے کی ویڈیو میں انہیں نقاب میں مجالس میں دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ان کے علاوہ بھی دیگر درجنوں خواتین و مرد کو وہاں موجود دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو سے اندازہ ہوتا ہے کہ مجالس کی تقریب میدان میں منعقد کی گئیں تاہم سماجی فاصلے کا اہتمام نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: متھیرا فلسطینی بچے کو گود لینے کی خواہاں

متھیرا نے مجالس کی ویڈیوز لائیو چلائی تھیں جس پر بعض لوگوں نے نامناسب کمنٹس بھی کیے جن کا ذکر اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں کیا اور لوگوں کے نامناسب مطالبوں کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے۔

Read Comments