متھیرا فلسطینی بچے کو گود لینے کی خواہاں

متھیرا کے مطابق وہ یتیم فلسطینی بچے کو گود لینا چاہیں گی—فائل فوٹو: فیس بک
متھیرا کے مطابق وہ یتیم فلسطینی بچے کو گود لینا چاہیں گی—فائل فوٹو: فیس بک

ماڈل، گلوکارہ و ٹی وی میزبان متھیرا نے اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والے ملک فلسطین سے کسی یتیم بچے کو گود لینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

متھیرا نے سوشل میڈیا پر حال ہی میں فلسطین کی حمایت میں پوسٹ بھی کی تھیں اور اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ وہ انسانیت اور سچائی کی طرف ہیں اور انہیں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کی ان کی سچائی کسی کے خلاف ہے۔

انہوں نے آزاد فلسطین اور انسانیت کے لیے اٹھ کھڑے ہوں جیسے ہیش ٹیگز بھی استعمال کیے تھے۔

فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے بعد اب انہوں نے اسرائیلی جارحیت اور حملوں میں والدین کھونے والے کسی بچے کو گود لینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں سے مدد طلب کی ہے کہ انہیں فلسطینی بچے تک رسائی میں مدد فراہم کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: متھیرا نے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کردی

متھیرا نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ کسی ایسے فلسطینی بچے کو گود لیں، جس نے اپنے والدین اور گھر کو کھودیا ہو اور وہ ایسے متاثر بچے کو محبت دینا چاہتی ہیں۔

ماڈل و گلوکارہ نے لوگوں سے اس ضمن میں مدد کرنے کے لیے بھی کہا اور مداحوں سے کہا کہ اگر کسی کو فلسطین سے بچے کو گود لینے کا کوئی طریقہ کار معلوم ہے یا کوئی ان کی مدد کر سکتا ہے تو وہ بلا ججھک انہیں براہ راست میسیج کریں۔

یہی نہیں بلکہ متھیرا نے انسٹاگرام پر اپنی پروفائل تصویر میں بھی فلسطین کا جھنڈا لگایا، جس پر مداحوں نے ان کی تعریفیں کیں۔

اگرچہ متھیرا کے علاوہ دیگر شوبز شخصیات اور اداکاراؤں نے بھی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کی حمایت بھی کی ہے، تاہم ان سے قبل کسی بھی اداکارہ یا اداکار نے کسی فلسطینی بچے کو گود لینے کی خواہش کا اظہار نہیں کیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

متھیرا کو اپنا ایک حقیقی بیٹا بھی ہے، انہوں نے 2013 میں پنجابی گلوکار فلنٹ جے سے شادی کی تھی، تاہم 2018 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔

مزید پڑھیں: مرد و خواتین میں برابری کی باتیں کرنا بے وقوفی ہے، متھیرا

متھیرا سے قبل اداکارہ رابعہ بٹ نے فیصل ایدھی کے ساتھ فلسطین جاکر مظلوموں کی مدد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

رابعہ بٹ نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں فیصل ایدھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی خواہش کا اظہار کیا کہ وہ وہ فلسطین جاکر مظلوموں کی مدد کرنا چاہتی ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے بھی لوگوں سے فلسطینی ویزا کے لیے درخواست دینے کے طریقہ کار سمجھانے کی اپیل کی تھی۔

رابعہ بٹ نے مذکورہ خواہش اس وقت ظاہر کی تھی جب کہ فیصل ایدھی نے پاکستان میں موجود فلسطینی سفارت خانے کو خط لکھ کر امدادی ٹیم فلسطین بھیجنے کی پیش کش کی تھی۔

رابعہ بٹ نے فلسطین جانے کی خواہش ظاہر کی تھی—اسکرین شاٹ
رابعہ بٹ نے فلسطین جانے کی خواہش ظاہر کی تھی—اسکرین شاٹ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں