مرد و خواتین میں برابری کی باتیں کرنا بے وقوفی ہے، متھیرا

اپ ڈیٹ 18 مارچ 2021
لوگ جو کام شوق سے کرتے ہیں،اسی پر تنقید کرتے ہیں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
لوگ جو کام شوق سے کرتے ہیں،اسی پر تنقید کرتے ہیں، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ و ٹی وی میزبان متھیرا کا کہنا ہے کہ مرد و خواتین میں برابری کی باتیں کرنا بے وقوفی ہے، دونوں کبھی بھی برابر نہیں ہو سکتے، کیوں کہ جو چیزیں مردوں کے پاس ہیں، وہ خواتین کے پاس نہیں۔

’ٹو بی آنیسٹ‘ میں بات کرتے ہوئے متھیرا کا کہنا تھا کہ مرد و خواتین کے ملنے سے ہی ایک مکمل انسان بنتا ہے اور دونوں میں برابری کی باتیں کرنا یا پھر کسی ایک صنف کو زیادہ اہمیت دینا غلط ہے۔

طویل دورانیے کے شو میں متھیرا نے بتایا کہ کس طرح انہیں اپنی بدنامی سے شہرت ملی۔

متھیرا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ان کا کوئی بھی جاننے والا نہیں تھا اور انہوں نے ایک چھوٹے ٹی وی چینل سے پروگرام کا آغاز کیا مگر ٹی وی پر فون کرنے والے شخص نے ان کی ’بے عزتی‘ کی اور وہ اس سے مشہور ہوگئیں۔

ٹی وی میزبان کے مطابق انہیں شروع میں پاکستانی معاشرے کی زیادہ سمجھ نہیں تھی اور جیسے ہی وہ افریقی ملک زمبابوے سے پاکستان پہنچیں تو مختصر کپڑے پہنتی رہیں اور انہوں نے ایک ٹی وی یوگا پروگرام میں بھی بولڈ ڈریس پہنا تو لوگوں نے انہیں کیا سے کیا سمجھ لیا۔

زمبابوے سے پاکستان آئی تو شروع میں یہاں کے معاملات سمجھ میں نہیں آئے، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
زمبابوے سے پاکستان آئی تو شروع میں یہاں کے معاملات سمجھ میں نہیں آئے، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

متھیرا نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کی پیدائش اور پرورش زمبابوے میں ہوئی تھی اور ان کے والد زمبابوے کے اچھے اور نامور سیاستدان ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب ان کے والد اور والدہ کے درمیان طلاق ہوگئی تو وہ والد کے ہمراہ پاکستان آگئیں اور یہاں آکر ہی انہوں نے اردو سمیت تھوڑی بہت پنجابی زبان سیکھی اور شروع میں انہیں پاکستانی معاشرے کی زیادہ سمجھ نہ ہونے کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: متھیرا نے شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کردی

متھیرا کے مطابق وہ زمبابوے میں مختصر لباس پہنا کرتی تھیں، اس لیے وہ شروعاتی دور میں پاکستان میں بھی مختصر لباس پہنتی تھیں مگر پھر بعد میں انہیں احساس ہوا کہ پاکستانی معاشرے کی الگ ضروریات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں پہلی بار 16 برس کی عمر میں پیار ہوا تھا مگر وہ اس کو پیار نہیں بلکہ غلطی کہیں گی، کیوں کہ وہ ایسی عمر ہوتی ہے، جس میں انسان چیزوں کے سیکھنے کے لیے غلطیاں بھی کر بیٹھتا ہے۔

انہوں نے اپنی 5 سالہ شادی پر بھی بات کی اور بتایا کہ اب وہ طلاق کے بعد بیٹے کی پرورش کر رہی ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ان کا بیٹا پڑھ لکھ کر اچھی جگہ پہنچے۔

پاکستانی معاشرے پر بات کرتے ہوئے متھیرا کا کہنا تھا کہ یہاں لوگ ’سیکس‘ کو غلط کہتے ہیں مگر اسے کرتے بھی ہیں۔

پروگرام کے دوران جب بے عزتی کی گئی تب شہرت ملی، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
پروگرام کے دوران جب بے عزتی کی گئی تب شہرت ملی، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ان کی پسندیدہ سیاستدان بے نظیر بھٹو تھیں جب کہ ان کے خیال میں سب سے اچھی حکومت پرویز مشرف اور دوسری بہتر حکومت آصف علی زرداری کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں حالیہ سیاستدانوں میں بلاول بھٹو زرداری سب سے اچھے لگتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ان کا بھی ٹائم آئے گا۔

یہ ویڈیو دیکھیں: اداکارہ متھیرا دبئی میں کار حادثے کا شکار

متھیرا نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ اگر ان کی ملاقات وزیر اعظم عمران خان سے ہوگی تو وہ ان سے پوچھیں گی کہ اب ہم گھبرائیں؟

40 منٹ درانیے کے پروگرام میں متھیرا نے بتایا کہ انہوں نے تنقید اور خراب لوگوں سے بچنے کے لیے طے کر رکھا ہے کہ جو بھی انہیں سوشل میڈیا پر تنگ کرے گا وہ انہیں بلاک کریں گی۔

انہوں نے شائقین کی جانب سے تنقید کیے جانے اور اداکارہ کو فحش قرار دیے جانے پر کوئی بھی سخت رد عمل دینے کے بجائے کہا کہ انہیں کسی کی تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

پیدائش و پرورش زمبابوے میں ہوئی، متھیرا—فوٹو: انسٹاگرام
پیدائش و پرورش زمبابوے میں ہوئی، متھیرا—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں