Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 اکتوبر 2021 07:03pm

اٹھارہ ماہ بعد ممبئی میں سینما کھل گئے

کورونا کے کیسز میں نمایاں کمی کے بعد بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں 18 ماہ بعد سینماؤں کو کھول دیا گیا۔

کورونا کی وبا کے باعث بھارتی حکومت نے مارچ 2020 کے وسط میں سینماؤں کو بند کردیا تھا مگر اکتوبر 2020 میں سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ انہیں کھولا گیا تھا جبکہ ممبئی میں سینما مسلسل بند تھے۔

اب ممبئی میں بھی کورونا کیسز میں نمایاں کمی کے بعد وہاں سینما ہاؤسز کھول دیے گئے اور ابتدائی طور پر وہاں پرانی فلمیں ریلیز کی گئیں۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق ممبئی میں 22 اکتوبر کو سینماؤں کو کھول دیا گیا جب کہ وہاں انگریزی سمیت ہندی، تیلگو، بنگالی، پنجابی اور تامل سمیت دیگر زبانوں کی فلموں کو ریلیز کیا گیا۔

سینماؤں کو سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے، صرف ان افراد کو ہی فلم دیکھنے کی اجازت ہوگی، جنہوں نے ویکسین لگوا رکھی ہوگی یا پھر جن افراد کو ریاستی حکومتی صحت کی ایپلی کیشن محفوظ قرار دے گی۔

ریاست مہاراشٹر نے ایک خصوصی ایپلی کیشن متعارف کرا رکھی ہے جو بیمار یا صحت مند افراد کا تعین کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: بھارت نے سنیما، شاپنگ مال، میوزیم و تاریخی مقامات بند کردیے

علاوہ ازیں سینماؤں میں نصف سیٹس کو خالی رکھنے کی ہدایات کی گئی ہیں جب کہ سینماؤں کے اندر صرف پیک شدہ غذائی اشیا کی فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد فوری طور پر کسی بھی نئی بولی وڈ فلم کو ریلیز نہیں کیا گیا، البتہ پہلے سے ہی ریلیز شدہ بولی وڈ فلموں کو ممبئی کے سینماؤں میں دکھایا جا رہا ہے۔

ممبئی کے سینماؤں میں پہلی نئی بولی وڈ فلم دیوالی کے موقع پر ’سوریا ونشم‘ 5 نومبر کو ریلیز کی جائے گی جب کہ اس وقت ’جیمز بانڈ: نو ٹائم ٹو ڈائے‘ سمیت اکشے کمار کی ’بیل بوٹم‘ کو دکھایا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں 7 ماہ بعد سینما کھل گئے مگر فلموں کی قلت

اٹھارہ ماہ بعد سینما کھلنے کے پہلے دن سینماؤں میں زیادہ رش نہیں دیکھا گیا لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ اگلے ماہ نومبر سے فلمی شائقین کے رش میں اضافہ ہوگا۔

بھارتی حکومت نے مارچ 2020 کے وسط میں کورونا سے تحفظ کی احتیاطی تدابیر کے تحت سینماؤں کو بند کردیا تھا تاہم اکتوبر 2020 میں حکومت نے کم کیسز والے شہروں میں سینما کھولنے کی اجازت دی تھی۔

ممبئی میں بہت زیادہ کورونا کیسز کی وجہ سے اکتوبر 2020 میں بھی سینما نہیں کھولے گئے تھے مگر 22 اکتوبر 2021 کو وہاں بھی سینما کھول دیے گئے۔

Read Comments