آریان خان کے عدالتی ریمانڈ میں 30 اکتوبر تک توسیع

اپ ڈیٹ 22 اکتوبر 2021
آریان خان کو تین اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
آریان خان کو تین اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

منشیات رکھنے اور استعمال کرنے کے کیس میں عدالت نے بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے عدالتی ریمانڈ میں 30 اکتوبر تک کی توسیع کردی۔

آریان خان کا 14 دن کا عدالتی ریمانڈ 21 اکتوبر کو مکمل ہوا تھا، جس پر عدالت نے ان کے ریمانڈ میں مزید 9 دن کی توسیع کردی۔

بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق آریان خان سمیت دیگر 8 ملزمان کا ریمانڈ مکمل ہونے پر خصوصی عدالت نے ان کے ریمانڈ میں 9 دن کی توسیع کردی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آریان خان سمیت دیگر 8 ملزمان کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی انہیں ویڈیو کال کے ذریعے ان کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔

قانون کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کا ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت نے ان کے ریمانڈ میں 9 دن کی توسیع کرتےہوئے انہیں 30 اکتوبر تک عدالتی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا۔

عام طور پر بھارتی عدالتیں ریمانڈ ختم ہونے پر دوبارہ بھی 14 دن کی توسیع کرتی ہیں لیکن نومبر کے آغاز میں عدالتی چھٹیاں ہونے کی وجہ سے آریان خان سمیت دیگر ملزمان کے ریمانڈ میں 9 دن کا اضافہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: آریان خان کو 14 دن کے عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

بھارت میں 4 نومبر کو ہونے والی دیوالی کی وجہ سے عدالتوں سمیت دیگر سرکاری و نجی محکموں میں چھٹیاں ہوں گی، جس کی وجہ سے اب آریان خان سمیت دیگر ملزمان کو 30 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

آریان خان کو 7 اکتوبر کو عدالتی ریمانڈ پر ممبئی کے آرتھر جیل منتقل کیا گیا تھا اور ان کی ضمانت کی درخواستیں میٹروپولیٹن اور سیشن کورٹ نے مسترد کردی تھیں۔

اب آریان خان نے ضمانت کے لیے ممبئی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے، جس پر 26 اکتوبر کو سماعت ہونے کا امکان ہے۔

شاہ رخ خان کے بیٹے کو تین اکتوبر کو ساتھیوں سمیت ممبئی کے ساحل سمندر پر ایک کروز شپ سے گرفتار کیا گیا تھا، ان پر الزام ہے کہ وہ ساتھیوں سمیت مذکورہ کروز میں ڈرگ پارٹی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

انہیں انسداد منشیات فورس یعنی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے دوستوں ارباز مرچنٹ، منمن دھمیچا، نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جسوال، وکرانت چوکر اور گومت چوپڑا سمیت کروز پارٹی سے گرفتار کیا تھا۔

مزید پڑھیں؛ سیشن کورٹ نے بھی آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی

آریان خان اس وقت دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ممبئی کے آرتھر جیل میں ہیں جب کہ ان کے ہمراہ گرفتار کی گئی دو خواتین منمن دھمیچا سمیت دوسری خاتون کو عورتوں کے جیل میں رکھا گیا ہے۔

آریان خان کی گرفتاری اور عدالت میں چلنے والی کارروائیوں کی وجہ سے ان کا کیس بھارت کا انتہائی ہائی پروفائل کیس بن چکا ہے اور مذکورہ معاملے پر سیاست دان بھی کود پڑے ہیں۔

کئی لوگ مسلمان اداکار کے بیٹے کی گرفتاری اور ان کے خلاف عدالتی کارروائیوں کو مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں قرار دے رہے ہیں جب کہ بعض لوگ مذکورہ معاملے کو نارکوٹکس فورس کی پھرتیاں کہ رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں