Dawn News Television

اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2021 03:52pm

شہباز گل کا وارنٹ گرفتاری منسوخ کروانے کیلئے عدالت سے رجوع

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے ہرجانے کے مقدمے میں وارنٹ گرفتاری منسوخ کروانے کے لیے لاہور کی مقامی عدالت سے رجوع کرلیا۔

شہباز گل کے وکلا نے گزشتہ روز جاری ہونے والے ورانٹ گرفتاری منسوخ کروانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

شہباز گل کی جانب سے احمد سعد خان اور زین نذیر خان نے درخواست دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کلرک نے غلط تاریخ نوٹ کی جس کے باعث کوئی بھی عدالت پیش نہ ہو سکا۔

ان کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ وہ ورانٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم واپس لے۔

گزشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج لاہور حافظ حسنین اظہر شاہ کی عدالت میں شہباز گل کے خلاف نجی کمپنی کی جانب سے دائر استغاثہ پر سماعت ہوئی تھی۔

عدالت نے شہباز گل کی عدم پیشی پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور حکم دیا تھا کہ شہباز گل یکم نومبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوں اور 30 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں۔

عدالت کے تحریری حکم میں کہا گیا کہ شہباز گل کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی گئی تھی لیکن ان کے نمائندے بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور عدالت میں ساڑھے 3 بجے تک کیس انتظار میں رکھا گیا۔

مزید پڑھیں: شہباز گل پر لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں 'سیاہی اور انڈوں سے حملہ'

واضح رہے کہ نجی کمپنی نے وکیل میاں علی اشفاق کی وساطت سے شہباز گل کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔

درخواست گزار کمپنی کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے نجی ٹی وی پروگرام میں کمپنی پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے جبکہ ملزم کے الزام سے کمپنی کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں لاہور کی میٹرو بس کا ٹھیکہ دینے کے بیان پر کمپنی نے شہباز گل کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔

بعد ازاں معاون خصوصی نے دعویٰ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔

Read Comments