Dawn News Television

اپ ڈیٹ 21 جنوری 2022 10:28am

محمد میاں سومرو نجکاری کمیشن کے چیئرمین کے عہدے سے مستعفی

وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو نے نجکاری کمیشن کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تاہم وہ بطور وزیر اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے محمد میاں سومرو کا استعفیٰ قبول کرلیا۔

مزید پڑھیں: سرکاری اداروں کی نجکاری کی فہرست سے پی ٹی وی کا نام نکال دیا گیا

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق حکومت کی جانب سے سلیم احمد کو نجکاری کمیشن کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، وہ تاحکم ثانی اپنی نئی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔

سلیم احمد معروف عالمی مالیاتی پیشہ ور ہیں جنہیں مختلف کمپنیوں، نجی ایکویٹی، وینچر کیپیٹل اور بینکنگ سرمایہ کاری میں دو دہائیوں کا تجربہ حاصل ہے۔

نجکاری کمیشن سے منسلک ہونے سے قبل سلیم احمد جے پی مورگن کے اربوں ڈالر کے ہیج فنڈ بزنس ہائی برج کیپٹل میں منیجنگ ڈائریکٹر تھے، جہاں وہ عالمی سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو پر کام کیا کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نجکاری کمیشن آرڈیننس میں سقم اور خامیوں کا انکشاف

انہوں نے پاکستان کے انفرااسٹرکچر کے منصوبوں کے لیے شریعت کے مطابق فنانسنگ اور قرضوں کی تنظیم نو کا اسٹرکچر بھی تشکیل دیا۔

علاوہ ازیں سلیم احمد مائیکرو فنانس پروگرام کے بانی بھی ہیں اور انہوں نے اس پروگرام کے لیے لمز اور گرامین بینک میں وسیع پیمانے پر تحقیق کی۔

Read Comments