Dawn News Television

شائع 23 جنوری 2022 09:15pm

علاج کیلئے مظفرآباد سے اسلام آباد منتقل کیا گیا زخمی تیندوا ہلاک

اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی چیئرپرسن رینا سعید خان نے بتایا کہ مظفرآباد سے زخمی حالت میں علاج کے لیے اسلام آباد منتقل کی گئی مادہ تیندوا ہلاک ہو گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی چیئرپرسن رینا سعید خان نے مزید بتایا کہ جوان خوبصورت مادہ تیندوے کو زخمی حالت میں آدھی رات کے وقت مظفر آباد سے اسلام آباد لایا گیا تھا، ایکسرے سے اس کے جسم کے اندر بندوق سے فائر کیے گئے 5 سے 6 چھرے ظاہر ہوئے، ان میں سے ایک چھرہ اس کی ریڑھ کی ہڈی میں موجود تھا جس سے وہ مفلوج ہو گئی تھی۔

اسلام آباد وائلڈ لائف مینیجمنٹ بورڈ کی چیئرپرسن رینا سعید خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ڈاکٹرز نے آپریشن کرکے زخمی تیندوے کو بچانے کی بہت کوشش کی لیکن بدقسمتی سے وہ بچ نہیں سکی۔

انہوں نے بتایا کہ لیپرڈ کو کسی کار ٹکر نہیں ماری تھی، آزاد جموں و کشمیر میں کسی شکاری نے اس کو مارنے کی کوشش کی، غالباً جب مادہ تیندوا پانی پینے کے لیے دریائے نیلم کی طرف آئی تو کسی بالائی مقام سے اس کو نشانہ بنایا گیا، تمام چھرے اس کے جسم کے اوپری حصے میں لگے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:بقا کی جنگ لڑنے والی جنگلی حیات کا ریکارڈ مرتب کرنے کا آغاز

ان کا کہنا تھا کہ معصوم جانور کو اس طرح نشانہ بنانا بہت برا فعل ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ آزاد جموں و کشمیر وائلڈ لائف کا عملہ مجرموں کو پکڑے گا، ہم تعاون کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے تیندوے کو ریسکیو اور بارش، برف باری کے باوجود زخمی حالت میں اسلام آباد منتقل کرنے پر آزاد جموں و کشمیر پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ساری رات جاگ کر تیندوے کو بچانے کی کوشش کرنے پر ڈاکٹرز اور اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔

زخمی لیپرڈ کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کی ابھی بہت زندگی باقی تھی لیکن چھروں کی وجہ سے اس کی ریڑھ کی ہڈی بری طرح متاثر ہوئی تھی، اس کی ہلاکت پر ہم بہت غمگین ہیں۔

مزید پڑھیں:ہمارے ماحول کی بقا کے ضامن جنگلی حیات خطرے میں

انہوں نے ڈاکٹر باسط، ڈاکٹر اویس اور ڈاکٹر عامر خلیل کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے آدھی رات کو اس اس چار سے پانچ سال کے خوبصورت تیندوے کو بچانے کی کوشش کی۔

اسلام آباد وائلڈ لائف مینیجمنٹ بورڈ کی چیئرپرسن رینا سعید خان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے وسائل جمع کیے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینیجمنٹ بورڈ ریسکیو اینڈ ری ہیب سنٹر جلد ہی ایک قومی سطح کا اعلیٰ سطح کا مرکز بن جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وائلڈ لائف گارڈز نے دریائے نیلم کے پتھریلی کنارے سے ایک شدید زخمی تیندوے کو نکالا اور اسے علاج کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جنگلی جانوروں کے بحالی مرکز میں منتقل کیا تھا۔

Read Comments