Dawn News Television

شائع 24 فروری 2022 12:31am

سینئر پولیس افسر محسن بٹ آئی جی بلوچستان مقرر

وفاقی حکومت نے سینئر پولیس افسر محسن حسن بٹ کو بلوچستان کا آئی جی مقرر کردیا گیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے گریڈ 21 کے افسر محسن حسن بٹ کو نیا آئی جی بلوچستان تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 10 دہشت گرد ہلاک

محسن بٹ اس سے قبل بھی بلوچستان کے پولیس چیف رہ چکے ہیں اور انہوں نے محمد طاہر رائے کی جگہ یہ عہدہ سنبھالا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال جنوری میں محمد طاہر رائے کو محسن بٹ کی جگہ بلوچستان کا آئی جی مقرر کیا گیا تھا، آئی جی بننے سے قبل طاہر رائے چھ سال تک پنجاب میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے سربراہ بھی رہے تھے۔

انہیں مچھ میں 11 ہزارہ کان کنوں کے قتل کے دو ہفتے بعد آئی جی بلوچستان کا منصب سونپا گیا تھا۔

نئے آئی جی کو ایک ایسے موقع پر تبدیل کیا گیا ہے جب بلوچستان میں حالیہ کچھ عرصے کے دوران دہشت گرد حملوں اور پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، کیپٹن شہید

بدھ کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں کارروائی کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے 20 فروری 2022 کو بلوچستان کے ضلع کوہلو کے قریب ٹھکانوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر علاقے میں کارروائی کی تھی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کیپٹن حیدر عباس دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے 16 فروری کو بھی بلوچستان کے علاقے بلیدا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تھی جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

اس سے قبل 2 فروری کو دہشت گردوں کی جانب سے نوشکی اور پنجگور میں واقع سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دو علیحدہ علیحدہ حملے کیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے دونوں حملوں کو ناکام بنا دیا تھا اور 20 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

Read Comments