Dawn News Television

شائع 07 مارچ 2022 06:55pm

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا کی جانب گامزن

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے اور آسٹریلیا نے میچ کے چوتھے دن پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 449 رنز بنا لیے ہیں۔

میچ کے چوتھے دن بارش کی وجہ سے کھیل تاخیر کا شکار ہوا اور تین گھنٹے سے زائد تاخیر کے بعد میدان کو کھیل کے لیے فٹ قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیں: شین وارن، عبدالقادر کا گھر اور ’کینو‘ کے ساتھ گوگلی کا دلچسپ واقعہ

آسٹریلیا نے پیر کو 271 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو مارنس لبوشین 69 اور اسٹیون اسمتھ 24 رنز پر کھیل رہے تھے۔

دونوں نے دن کے آغاز میں پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی اور مزید 40رنز جوڑ کر تیسری وکٹ کے لیے 108رنز کی شراکت قائم کی۔

لبوشین سنچری بنانے سے محروم رہے اور 90رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بن گئے۔

پاکستان کو چوتھی وکٹ کے حصول کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور ٹریوس ہیڈ صرف8رنز بنانے کے بعد نعمان علی کا شکار بن گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بیٹی کو گود میں لیے کرکٹ میدان میں داخل ہونے پر بسمہ معروف کی تعریفیں

چار وکٹیں گرنے کے بعد اسمتھ کا ساتھ دینے کیمرون گرین آئے اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 83رنز کی شراکت قائم کی، گرین 48رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

اسٹیو اسمتھ سنچری کی جانب گامزن تھے لیکن 78 کے انفرادی اسکور پر ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور نعمان نے انہیں آؤٹ کر کے اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی۔

دن کے اختتام سے کچھ دیر قبل نسیم شاہ نے پاکستان کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے ایلکس کیری کی وکٹیں بکھیر دیں جنہوں نے 19 رنز بنائے۔

جب میچ کے چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 449 رنز بنائے ہیں اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 27رنز بنائے ہیں۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا کا دورہ پاکستان: آئیے گزشتہ مشکل ترین 13 سالوں کو یاد کریں

اب میچ کا صرف ایک دن کا کھیل باقی ہے اور دونوں ٹیموں کی ایک، ایک اننگز باقی ہے جس کو دیکھتے ہوئے یہ میچ ڈرا کی جانب گامزن نظر آتا ہے۔

یہ 1998 کے بعد پاکستان کی سرزمین پر آسٹریلیا کا پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔

Read Comments