Dawn News Television

اپ ڈیٹ 09 مئ 2022 04:35pm

پاکستان کے دورہ سری لنکا سے ون ڈے سیریز ختم کر دی گئی

پاکستان کے دورہ سری لنکا کے دوران طے شدہ 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کو ختم کردیا گیا ہے۔

شیڈول کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو جولائی میں اپنے دورہ سری لنکا کے دوران 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز کھیلنے تھے۔

تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) کی درخواست پر ون ڈے میچوں کی سیریز کو ختم کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا رواں سال پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے پر رضامند

ترجمان پی سی بی نے مزید بتایا کہ سری لنکا کرکٹ نے لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) جلد شروع کرنے کے لیےبورڈ سے تین ون ڈے میچز کی سیریز ڈراپ کرنے کی درخواست کی تھی۔

پی سی بی کے عہدیدار نے بتایا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ نہیں تھی، جبکہ ایس ایل سی کو مالی چیلنجز کا سامنا ہے اس لیے پی سی بی نے لنکن بورڈ کی درخواست قبول کر لی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں رواں سال ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن

انہوں نے مزید کہا کہ دو ممالک کے درمیان ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے انعقاد کے لیے شیڈول کے مطابق کام جاری ہے اور ٹیسٹ سیریز شیڈول کے مطابق 5 جولائی سے 9 اگست کے درمیان کھیلے جائے گی۔

یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سری لنکا ان دنوں بدترین معاشی بحران کا شکار ہے، مہینوں سے جاری بلیک آؤٹ، خوراک، ایندھن اور ادویات کی شدید قلت نے پورے جنوبی ایشیائی جزیرے میں بہت بڑے پیمانے پر مسائل و مشکلات کو جنم دیا ہے اور ملک اپنی تاریخ کی اب تک کی بدترین معاشی بدحالی کا شکار ہے۔

Read Comments