Dawn News Television

شائع 25 مئ 2022 09:06am

حکومتِ خیبرپختونخوا کے وسائل کے غلط استعمال پر عمران خان کےخلاف نیب میں درخواست

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو خیبرپختونخوا حکومت کے وسائل مبینہ طور پر ذاتی استعمال میں لانے پر ایک مرتبہ پھر تنقید کا سامنا ہے۔

اس سلسلے میں قومی ادارہ برائے احتساب (نیب) میں ان کے خلاف معاملے کی تفتیش کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ درخواست خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلی کی رکن ثوبیہ شاہ نے نیب خیبرپختونخوا ریجن میں شکایت دائر کی ہے۔

درخواست میں انہوں نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان خیبرپختونخوا حکومت کے وسائل کو غلط استعمال کرنے اور وزیر اعلیٰ کے پی کے کا سرکاری ہیلی کاپٹر اپنے ذاتی استعمال میں لانے میں ملوث ہیں جس کی وجہ سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا ہے جو کہ نیب کے 1999 آرڈیننس کے تحت جرم ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان پر ایٹم بم گرانے سے متعلق بیان پر عمران خان کے خلاف مقدمے کی درخواست

شکایت کنندہ نے کہا ہے کہ اس سے متعلق اگر کسی بھی دستاویزی ثبوت کی ضرورت ہوگی تو وہ بھی وقت کے ساتھ تفتیشی افسر کو فراہم کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان پہلے ہی اسی طرح کے ایک الزام کا سامنا کر رہے ہیں جو ان کے خلاف 2018 میں سامنے آیا تھا۔

بعد میں عمران خان خیبرپختونخوا میں نیب کے دفتر میں بھی پیش ہوئے تھے۔

Read Comments

توشہ خانہ کی کہانی

عمران خان پہلے حکمران نہیں جنہوں نے کم قیمت پر غیر ملکی تحائف حاصل کیے، تاہم منافع حاصل کرکے فروخت کرنے والے وہ پہلے لیڈر ضرور ہیں