Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 جون 2022 02:13pm

روشن ڈیجیٹیل اکاؤنٹ کے ذریعے ایک دن میں ریکارڈ ترسیلات زر موصول

منگل کے روز روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (آر ڈی اے) کے ذریعے ایک روز کے دوران سب سے زیادہ 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’آج روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے لیے تاریخی دن رہا کہ 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر جمع کروائے گئے، جو ایک روز میں جمع کرائی گئی سب سے بڑی رقم ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ اس نمایاں اضافے کے بعد آر ڈی میں جمع کرائی گئی مجموعی رقوم ساڑھے 4 ارب ڈالر پر پہنچ چکی ہیں، ہم بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد اور ان کے عزم کے مشکور ہیں۔

ریکارڈ ترسیلات پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ میں مادر وطن پر اعتماد کرنے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔

خوشی ہے کہ کل اسٹیٹ بینک کو ایک دن میں اب تک کی سب سے بڑی رقم 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی رقم موصول ہوئی۔

خیال رہے آر ڈی اے ستمبر 2020 میں متعارف کرایا گیا تھا اس کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے ذریعے غیر ملکی زرِ مبادلہ کو راغب کرنا اور انہیں عالمی مارکیٹوں کے مقابلے میں زیادہ منافع فراہم کرنا تھا۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی معیشت کی ترقی میں برآمدات سے زیادہ تعاون کر رہے ہیں اور ریکارڈ 30 ارب کی ترسیلات کے ذریعے انہوں نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بھی بچایا ہے۔

Read Comments