Dawn News Television

اپ ڈیٹ 07 جولائ 2022 08:30pm

نانگا پربت پر پھنسے کوہ پیماؤں کو پاک فوج نے ریسکیو کرلیا

پاک فوج کے ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز اور پائلٹس نے نانگا پربت سے لاپتا ہونے والے کوہ پیما شہروز کاشف اور فضل علی کو کامیابی سے بچا لیا اور گلگت کے قریب جگلوٹ پر لینڈ کر لیا ہے۔

اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا تھا کہ نانگا پربت پر لاپتا ہونے والے کوہ پیما شہروز کاشف اور فضل علی کے ریسکیو ٹیم سے رابطے کے بعد پاکستان آرمی کیمپ 2 سے ٹیم دونوں کوہ پیماؤں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے لینے جارہی ہے۔

دونوں کوہ پیماؤں نے منگل کی صبح 8 ہزار 126 میٹر بلند دنیا کے نویں بلند ترین پہاڑ نانگا پربت کو سر کرلیا تھا، تاہم مہم سے واپسی کے دوران ان دونوں کے لاپتا ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

بعد ازاں گلگت بلتستان حکومت نے کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے چند گھنٹوں بعد ریسکیو آپریشن شروع کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتا کوہ پیما شہروز کاشف اور فضل علی کا پتا چل گیا

گزشتہ روز صبح مقامی انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ پولیس حکام اور بیس کیمپ پر موجود کوہ پیماؤں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ٹیلی اسکوپ ویژول میں دونوں کوہ پیماؤں کو کیمپ 4 سے اترتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور وہ خیریت سے ہیں۔

تاہم خراب موسم نے گزشتہ روز پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کو دونوں کوہ پیماؤں تک پہنچنے کا موقع نہیں دیا جبکہ گراؤنڈ ریسکیو ٹیم کیمپ 1 تک نہ پہنچ سکی۔

آج پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گراؤنڈ ریسکیو ٹیم نے کیمپ 2 میں شہروز کاشف اور فضل علی سے رابطہ قائم کرلیا ہے۔

مزید پڑھیں: شہروز کاشف ماؤنٹ ایورسٹ سَر کرنے والے کمر عمر ترین پاکستانی

اس سے قبل آج گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹری خالد اسحٰق خان نے اعلان کیا تھا کہ گراؤنڈ مانیٹرنگ ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ کوہ پیما کیمپ 3 سے کیمپ 2 اتر رہے ہیں۔

اس پیش رفت کی تصدیق دیامر کے ڈپٹی کمشنر فیاض احمد نے بھی کی جنہوں نے کہا کہ کوہ پیماؤں کی ایک اور ٹیم کیمپ 2 میں موجود ہے جن کے پاس واکی ٹاکی ہے۔

دوسری جانب شہروز کاشف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی جانے والی پوسٹ میں کہا گیا کہ کوہ پیما کیمپ 2 پر پہنچ چکے ہیں اور وہ تندرست اور خیریت سے ہیں۔

ٹوئٹ میں مزید بتایا گیا کہ کوہ پیماؤں نے 5 جولائی کی رات موسم صاف ہونے کا انتظار کرنے کے لیے کھلے میدان میں گزاری اور صبح سویرے دوبارہ اترنا شروع کیا۔

ٹؤئٹ میں کہا گیا کہ دونوں کوہ پیماؤں نے اس طرح کے سخت اور ناموافق حالات میں صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے بڑی ہمت اور قوت ارادی کا مظاہرہ کیا'۔

شہروز کاشف کے والد نے تعاون پر پاک فوج، چیف آف آرمی اسٹاف، ڈی جی آئی ایس پی آر اور گلگت بلتستان حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

Read Comments