Dawn News Television

اپ ڈیٹ 01 اگست 2022 04:58pm

عمران خان وزیر اعلیٰ پنجاب کی کرسی پر بیٹھنے پر معافی مانگیں، صوبائی اسمبلی میں قرارداد جمع

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) نے صوبائی اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کروائی ہے جس میں سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی کرسی پر بیٹھنے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

عمران خان نے گزشتہ روز لاہور کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی تھی، اس موقع پر عمران خان کی وزیر اعلیٰ پنجاب کی کرسی پر بیٹھنے والی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے معافی مانگنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی: چیف الیکشن کمشنر کے خلاف قرارداد منظور، استعفے کا مطالبہ

قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سعدیہ تیمور کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی ہے۔

سعدیہ تیمور کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد کے متن کے مطابق یہ ایوان عمران خان کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی کرسی پر براجمان ہونے کی مذمت کرتا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ سے نکالے گئے شخص کا وزیر اعلیٰ کی کرسی پر بیٹھنا وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کی توہین ہے، ایک مسترد شدہ شخص نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی کرسی کی توہین کی ہے۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمشنر کی حکومتی وفد سے ملاقات، ریفرنس بھیج کر برخاست کرنے کیلئے 'فٹ' کیس ہے، فواد چوہدری

مسلم لیگ (ن) کی رکن نے اپنی قرارداد میں مؤقف اپنایا ہے کہ عمران خان کا یہ اقدام پنجاب کے 12 کروڑ عوام کی توہین ہے، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ پنجاب کے عوام سے فوری معافی مانگیں۔

'اقتدار کی کرسی کا بھوکا'، لیگی رہنماؤں کی عمران خان پر تنقید

مسلم لیگ (ن )کے رہنماؤں نے عمران خان کو وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی کرسی پر بیٹھنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ(ن) کی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا الیکشن کالعدم قرار دینے کی استدعا

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر ریلوے اور ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے موقع پر ان کی کرسی پر بیٹھنے کی تصویر شیئر کی اور لکھا ’اقتدار کی کرسی کا بھوکا‘۔

خواجہ سعد رفیق نے لکھا کہ ’آپ جتنے مرضی بڑے ہوں کبھی دوسروں کی کرسی پر نہیں بیٹھتے، آداب سے عاری بدتمیز توشہ خان فتنہ وزیر اعلیٰٰ پنجاب کی کرسی پر براجمان‘۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی سوشل میڈیا پر عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس شخص کو کرسی کی کتنی ہوس ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ کوئی صاحب عزت انسان کسی اور عہدیدار کی کرسی پہ نہیں بیٹھے گا، عمران خان کی یہ حرکت اس کی سوچ اور ذات کی پستی کی آئینہ دار ہے۔

Read Comments