Dawn News Television

اپ ڈیٹ 05 نومبر 2022 11:05am

مظاہرین کے احتجاج کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج

گزشتہ روز عمران خان پر قاتلانہ حملہ کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان نے ملک بھر میں احتجاج کیا جس کے بعد اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔

پولیس کی مدعیت میں 24 نامزد ملزمان کے خلاف تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج کیا گیا، نامزد پی ٹی آئی رہنماؤں میں علی احمد اعوان ، عامر محمود کیانی ، واصف قیوم سمیت چودھری شعیب شامل ہیں۔

مقدمہ میں بتایا گیا کہ نامزد ملزمان نے پولیس کے ساتھ مزاحمت کی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اس کے علاوہ انہوں نے پولیس اور ایف سی اہلکاروں پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا۔

مقدمہ میں مزید کہا گیا کہ ملزمان کے پتھراؤ سے 9 ایف سی اور 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ پولیس نے 30 افراد کو گرفتار کر رکھا ہے۔

Read Comments