Dawn News Television

اپ ڈیٹ 06 فروری 2023 02:26pm

قطر نے طالبان سے مذاکرات کیلئے نمائندہ کابل بھیج دیا

قطر کے وزیر خارجہ کے نمائندے نے افغان دارالحکومت کابل کا دورہ کیا اور طالبان انتظامیہ کے قائم مقام وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق افغان وزارت خارجہ کے ایک بیان میں اس پیش رفت کی تصدیق کی گئی ہے۔

یہ دورہ طالبان انتظامیہ کی جانب سے خواتین کی تعلیم اور فلاحی تنظیموں (این جی اوز) کے کام پر پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد ہوا ہے جسے قطر نے گہری تشویش کا باعث قرار دیا تھا۔

ترجمان افغان امور خارجہ عبدالقہار بلخی کے مطابق قطر کے وزیر خارجہ کے خصوصی نمائندے مطلق بن ماجد القحطانی نے کابل میں قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقاتوں میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین نے سیاسی ہم آہنگی، تعلقات کی مضبوطی اور امداد کے معاملے پر تبادلۂ خیال کیا۔

واضح رہے کہ کسی بھی ملک نے طالبان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تاحال تسلیم نہیں کیا، تاہم چین اور پاکستان دونوں نے گزشتہ سال اپنے وزرائے خارجہ افغانستان بھیجے تھے اور اقوام متحدہ کے نائب خصوصی نمائندے نے حال ہی میں خواتین کے حقوق اور امداد کے حوالے سے بات چیت کے لیے دورہ کیا تھا۔

2021 میں افغانستان میں اقتدار سنبھالنے سے قبل لگ بھگ 2012 سے قطر میں طالبان کا سیاسی دفتر قائم رہا۔

Read Comments