Dawn News Television

اپ ڈیٹ 17 مارچ 2023 03:33pm

مہنگائی سے تنگ آکر اہل خانہ کی خودکشی کی کوشش، بچی نے دم توڑ دیا

کراچی میں ایک شخص نے خاندان کے تین دیگر افراد کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر مہنگائی سے تنگ آکر زہریلی چیز کھا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی جبکہ ایک شیرخوار بچی نے دم توڑ دیا۔

ضلع غربی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) فیصل بشیر میمن نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ سرجانی ٹاؤن کے رہائشی 40 سالہ شخص نے خود کو، اپنی 35 سالہ بیوی اور 2 بیٹیوں (عمر 2 اور 4 سال) کو ’مہنگائی سے مایوس ہو کر‘ زہریلی چیز کھلائی، جس کے نتیجے میں ان کی 2 سالہ بیٹی کی موت ہوگئی۔

ریسکیو ٹیموں کی مدد سے اہل خانہ کو عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ یہ شخص خاندان کا واحد کمانے والا اور وہ کرائے کے مکان میں رہتے ہیں اور مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان تھا۔

گزشتہ ماہ پنجاب کے شہر نارووال میں بھی ایسے ہی دل دہلا دینے والے واقعے میں غربت اور مہنگائی سے تنگ آ کر ایک مزدور نے 2 بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی تھی۔

مقتول کے پڑوسی نے پولیس کو بتایا تھا کہ متوفی محنتی آدمی تھا لیکن مالی مسائل کی وجہ سے گھر میں اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔

اسی طرح رواں مہینے کے اوائل میں ایک اور واقعے میں مظفر گڑھ کے علاقے ہیڈ پنجند میں مہنگائی اور غربت کی وجہ سے ایک شخص نے اپنی 4 سالہ بیٹی کے ہمراہ عباسیہ نہر میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی تھی۔

پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح سالانہ بنیادوں 40 فیصد سے بڑھ گئی ہے جس کی وجہ لاکھوں پاکستانیوں بنیادی ضروریات پورے کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

صارف اشاریہ انڈیکس (سی پی آئی) سے پیمائش کی گئی مہنگائی کی شرح فروری میں بڑھ کر تاریخ کی بلند ترین سطح 31.55 فیصد پر پہنچ گئی۔

Read Comments