Dawn News Television

اپ ڈیٹ 08 اکتوبر 2023 02:03pm

چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کی سارہ شریف کے بہن بھائیوں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے الزامات کی تردید

اگست میں برطانیہ میں واقع اپنے گھر میں مردہ پائی جانے والی 10 سالہ بچی سارہ شریف کے دادا نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت پنجاب کی تحویل میں موجود اس کے پانچ بہن بھائیوں کے ساتھ ٹھیک سلوک نہیں کیا جا رہا ہے جب کہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ نے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پنجاب چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی چیئر پرسن سارہ احمد نے بدسلوکی کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پانچوں بچوں کو الگ رکھا گیا ہے اور انہیں ان کی پسند کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔

سارہ شریف کے والدین لندن میں بچی کے قتل کے الزامات سے متعلق مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں جب کہ پاکستان میں بچی کے دادا اس کے دیگر بہن بھائیوں کو اپنی تحویل میں واپس لینے کی کوشش کر رہے ہیں، 12 سالہ نعمان، 11 سالہ جڑواں حنا شریف اور اسما شریف، چار سالہ احسان اور دو سالہ ازلان کو گزشتہ ماہ عدالتی حکم پر لاہور میں پنجاب چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے حوالے کیا گیا تھا۔

سارہ احمد نے ڈان کو بتایا کہ پروٹیکشن یونٹ میں بچوں کو ان کی پسند کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے اور خصوصی عملہ ان کی دیکھ بھال کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ برطانوی ہائی کمشنر لاہور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے کئی دورے کرچکے اور انہوں نے بچوں کی دیکھ بھال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے محکمے نے بچوں کے مطالبے پر ان کے لیے مسلسل پیزا اور برگرز کا انتظام بھی کیا ہے۔

سارہ احمد نے کہا کہ سارہ شریف کے دادا بھی عدالتی حکم کے مطابق بچوں کے پاس باقاعدگی سے آتے ہیں اور ان کی یا دیگر رشتہ داروں کی جانب سے لگائے گئے بدسلوکی کے الزامات بے بنیاد اور زمینی حقائق کے خلاف ہیں۔

سارہ شریف رواں سال 10 اگست کو لندن سے 32 کلومیٹر جنوب مغرب میں ووکنگ ٹاؤن میں اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھی۔

سارہ شریف کے قتل کا الزام ان کے والد 41 سالہ عرفان شریف، ان کی دوسری بیوی 29 سالہ بینش بتول اور خاتون کے بھائی فیصل ملک پر عائد کیا گیا تھا۔

سارہ شریف کے بہن بھائیوں کا معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا تھا جب جہلم میں موجود کچھ رشتہ داروں نے سوشل میڈیا پر الزام لگایا کہ سرکاری تحویل میں بچوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی جا رہی۔

حالیہ رپورٹس کے مطابق سارہ شریف کے دادا نے الزام لگایا کہ بچوں کی مناسب دیکھ بھال نہیں کی جا رہی، انہوں نے پانچ بچوں کے کھانے کے معیار اور صحت کے بارے میں شکایت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پروٹیکشن بیورو کا عملہ ان پر کوئی زیادہ توجہ نہیں دے رہا۔

Read Comments