Dawn News Television

شائع 04 نومبر 2023 11:42pm

بھارتی ٹیم کے نائب کپتان ہارڈک پانڈیا ورلڈ کپ سے باہر

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان ہارڈک پانڈیا ٹخنے کی انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے جبکہ ان کی جگہ یں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے پراسیدھ کرشنا کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسٹار آل راؤنڈر ہارڈک پانڈیا گزشتہ ماہ ٹخنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے اور ہفتے کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ان کی جگہ پراسیدھ کرشنا کو بھارتی ٹیم مں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ہارڈک پانڈیا 19 اکتوبر کو پونے میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں اپنی باؤلنگ کے دوران پاؤں سے گیند روکنے کی کوشش میں بائیں ٹخنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے تاہم ٹیم نے یہ مقابلہ باآسانی 7 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔

بھارتی ٹیم کے نائب کپتان اس کے بعد انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے خلاف ورلڈ کپ کے میچوں میں شامل نہیں تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں پانڈیا نے کہا کہ یہ بات ماننا مشکل ہے کہ میں ورلڈ کپ کے بقیہ میچز نہیں کھیل پاؤں گا لیکن میں ٹیم کے ساتھ ہوں گا اور ہر گیند پر ان کی حوصلہ افزائی کروں گا۔

اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم بہترین ہے اور میں یقین ہے کہ ہم سب کے لیے قابل فخر ہوں گے۔

خیال رہے کہ ہارڈک پانڈیا نے ورلڈ کپ کے ابتدائی 3 میچوں میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ ان کی جگہ لینے والے فاسٹ باؤلر کرشنا نے اب تک 17 ایک روزہ اور دو ٹی20 میچوں میں بھارت کی نمائندگی کی ہے اور مجموعی طور پر 33 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

پراسیدھ کرشنا کو بھارتی ٹیم میں اپنی جگہ بنانے کے لیے سخت مقابلے کا سامنا ہے جہاں فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں جسپریت بمرا، محمد شامی اور محمد سیراج موجود ہیں، جنہوں نے ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ورلڈ کپ کی میزبان بھارتی ٹیم نے اب تک کھیلے گئے تمام 7 میچوں میں کامیابی حاصل کرکے 14 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے تاہم رن ریٹ کے اعتبار سے دیکھا جائے تو جنوبی افریقہ ان سے آگے ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقہ دوسرے نمبر پر ہے، آسٹریلیا 10 پوائنٹس کے تیسرے نمبر پر ہے، نیوزی لینڈ، پاکستان اور افغانستان 8،8 پوائنٹس کے ساتھ برابر ہیں تاہم بہترین رن ریٹ کے باعث نیوزی لینڈ کو بقیہ دو پر برتری حاصل ہے، پاکستان کے بعد افغانستان کا نمبر ہے۔

Read Comments