Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 جنوری 2024 04:07pm

کراچی میٹرک بورڈ میں او ایم آر مشین کی غلطی سے فیل طلبہ کے نتائج درست کردیے گئے

کراچی میٹرک بورڈ میں آپٹیکل مارک ریکگنیشن (او ایم آر) مشین کی غلطی سے فیل ہونے والے دو ہزار کے قریب طلبہ کے نتائج درست کرکے انہیں کامیاب قرار دے دیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق او ایم آر مشین نے دو کے بجائے صرف ایک ہندسے کو سسٹم پر محفوظ کرکے نتیجہ بنایا تھا جس کی وجہ سے کئی طالب علم پرچے میں فیل ہوگئے تھے۔

مشین کی غلطی سے ناکام ہونے والے طلبہ کامیابی ملنے کے بعد خوشی سے نہال ہوگئے ہیں۔

کنٹرولر میٹرک بورڈ خالد احسان نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تقریبا 1500 سے 2 ہزار طلبہ کے کیسز تھے جو ہم نے نمٹا دیے ہیں اور ان بچوں کو مارک شیٹ بھی ملنا شروع ہوجائے گی، اس کے علاوہ کچھ اور بھی کیسز ہیں ہم ان کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک لاکھ 63 ہزار کے قریب بچوں کا رزلٹ ہوتا ہے تو اس میں 1 یا 2 فیصد غلطی کی گنجائش ہوتی ہے لیکن یہ جو مشین کی غلطی تھی اس کو ہم نے فوری طور پر درست کرلیا ہے۔

نتائج تبدیل ہونے والے طلبہ کے والدین نے کے بچوں کا معاملہ اٹھانے پر ڈان نیوز کا شکریہ ادا کیا۔

او ایم آر مشین کیا ہے؟

آپٹیکل مارک ریکگنیشن (او ایم آر) ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جو مشین کو کاغذ پر بنائے گئے نشانات، جیسے کہ ٹک یا چیک مارکس کو پہچاننے کے قابل بناتی ہے، او ایم آر کا استعمال کاغذ سے فوری اور درست طریقے سے معلومات حاصل کرنے کے لیے کیا جاتا ہے، جو اسے اعلیٰ حجم کے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے مثالی بناتا ہے۔

Read Comments