کھیل

ایشیا کپ 2025 کے وینیوز کا اعلان، پاک-بھارت ٹاکرا 14 ستمبر کو دبئی میں ہوگا

ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر کے دوران دبئی کرکٹ اسٹیڈیم اور ابوظبی میں کھیلا جائے گا، ایونٹ میں 8 ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی، اے سی سی

ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2025 کے وینیوز کا اعلان کر دیا، ٹورنامنٹ دبئی اور ابوظبی کے میدانوں میں کھیلا جائے گا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے اعلامیے کے مطابق 9 سے 28 ستمبر تک ہونے والے میگا ایونٹ کی میزبانی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے گراؤنڈ کریں گے، پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول ایونٹ کا ہائی وولٹیج مقابلہ 14 ستمبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ایشیائی ٹورنامنٹ کے 19 میچز میں سے 12 کی میزبانی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کرے گا جبکہ 7 میچز ابو ظبی کے میدان میں کھیلے جائیں گے، سپر فور مرحلہ اور 28 ستمبر کو فائنل مقابلہ بھی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں میچز دبئی اسٹیڈیم میں ہوں گے، قومی ٹیم 12 ستمبر کو پہلے میچ میں عمان کا سامنا کرے گی، شاہینوں کا دوسرا مقابلہ 14 ستمبر کو بھارت کے خلاف ہوگا، تیسرے میچ میں گرین شرٹس 17 ستمبر کو یو اے ای کیخلاف میدان میں اُتریں گے۔

ایشیا کپ 2025 میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی، ان ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے

پاکستان، میزبان بھارت، عمان اور یو اے ای کی ٹیمیں شامل ہیں۔

گروپ بی

بنگلہ دیش، افغانستان، سری لنکا اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

AsiaCup2025