راولپنڈی: میجرعدنان اسلم شہید کی نمازِ جنازہ ادا، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی شرکت
میجر عدنان اسلم شہید کی نمازِ جنازہ راولپنڈی میں ادا کردی گئی ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزرا سمیت اعلیٰ عسکری وسیاسی قیادت نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق راولپنڈی کے چکلالہ میں میجر عدنان اسلم شہید کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔
خیال رہے کہ 31 سالہ میجر عدنان اسلم 2 ستمبر کو بنوں میں فتنہ الخوارج کے بزدلانہ حملے میں زخمی ہوئے تھے، فتنہ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑنے والے 31 سالہ میجر عدنان اسلم کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی میں دورانِ علاج شہادت کے مرتبے پر فائز ہو گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق میجر عدنان اسلم کی نمازِ جنازہ چکلالہ، راولپنڈی میں ادا کر دی گئی، قوم کے بہادر سپوت کی نماز جنازہ میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ، حاضر سروس فوجی و سول افسران اور شہید کے اہلخانہ نے شرکت کی۔
شہید میجر عدنان اسلم کو ان کے آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عدنان اسلم نے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی قیادت کا بھرپور ثبوت دیا۔
وزیرِاعظم نے افسر کی شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے ایک بہادر سپوت کو کھو دیا ہے جس کی جرات اور قربانی ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہے گی، وہ پاکستان کے بہترین چہرے کی نمائندگی کرتے ہیں، پختہ عزم، وطن سے محبت، اور قربانی کا جذبہ۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ میجر عدنان اسلم کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فوج ہر صورت میں دہشت گردی کے خاتمے کے اپنے مشن میں ثابت قدم ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر عدنان کی شہادت اس بات کی گواہی ہے کہ پاک فوج ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے مشن پر ثابت قدم ہے۔