پاکستان

بنوں حملے میں شہید ہونے والے میجرعدنان سے متعلق سابق جنرل آصف غفور کا ٹوئٹ وائرل

میجر عدنان شہید نے بہادری کی عظیم داستان رقم کی، پاکستان میں جب تک آپ جیسے جی دار، ایمان افروز اور جرات مند موجود ہیں، دشمن ہمیشہ ذلیل و رسوا ہو گا، اللہ آپکی شہادت کو قبول فرمائے، عبداللہ گل کی پوسٹ

سابق ڈی جی آئی ایس پی آر اور کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف غفور کی بنوں حملے میں شہید ہونے والے نوجوان میجر عدنان اسلم سے متعلق ٹوئٹ وائرل ہوگئی۔

لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف غفور نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میجر عدنان شہید نے مجھ سے آخری ملاقات میں پاکستان آرمی اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) میں شمولیت کے لیے مشورہ مانگا تھا‘۔

سابق ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ میجر عدنان شہید کے جذبے کی چمک اُس کی آنکھوں میں الفاظ سے کہیں زیادہ دکھائی دے رہی تھی، اور اُس نے اپنی ہر جھلک کو سچ کر دکھایا۔

لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ آصف غفور نے مزید کہا کہ ایک بہادر سپاہی، جو اپنے جذبے اور ہماری دلیر ایس ایس جی کی روح کے عین مطابق رہا، اللہ آپ کی روح پر اپنی رحمت نازل فرمائے۔

خیال رہے کہ 31 سالہ میجر عدنان اسلم 2 ستمبر کو بنوں میں فتنہ الخوارج کے بزدلانہ حملے میں زخمی ہوئے تھے، فتنہ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑنے والے 31 سالہ میجر عدنان اسلم کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی میں دورانِ علاج شہادت کے مرتبے پر فائز ہو گئے ۔

میجر عدنان اسلم شہید کی نمازِ جنازہ راولپنڈی میں ادا کردی گئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری وسیاسی قیادت نے شرکت کی۔

سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ریٹائرڈ حمید گل کے بیٹے عبداللہ گل نے ایکس پر میجر عدنان شہید کی ہسپتال سے بنائی گئی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میجر عدنان شہید ہمیں آپ پر فخر ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میجر عدنان شہید نے بہادری کی عظیم داستان رقم کی، پاکستان میں جب تک آپ جیسے جی دار، ایمان افروز اور جرات مند موجود ہیں، دشمن ہمیشہ ذلیل و رسوا ہو گا، اللہ آپ کی شہادت کو قبول فرمائے۔