کھیل

آئی سی سی نے اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹانے کا پاکستان کا مطالبہ مسترد کردیا، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

اینڈی پائی کرافٹ کو صرف پاکستان کے میچز میں ریفری کے فرائض کی انجام دہی سے روک کر رچی رچرڈسن کو ذمے داری دی جاسکتی ہے، ذرائع

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ مسترد کردیا، تاہم پاکستان کے میچز میں اینڈی پائیکرافٹ کو میچ ریفری نہ لگائے جانے کا امکان ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے رات دیر گئے جواب دیا کہ پائی کرافٹ کو نہیں ہٹایا جائے گا اور پی سی بی کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔

تاہم ’کرک بز‘ نے رپورٹ کیا کہ پی سی بی نے ایسی کسی بھی اطلاع کے ملنے کی تردید کی ہے، اب تک پی سی بی نے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔

ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا کہ دراصل ’ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے گراؤنڈ پر موجود حکام نے پائی کرافٹ کو ٹاس کے موقع پر نو-ہینڈ شیک پالیسی کے بارے میں آگاہ کیا تھا‘، یہ واضح نہیں کہ ایسی کوئی سرکاری پالیسی واقعی موجود تھی یا نہیں۔

رپورٹ میں ایک نامعلوم پی سی بی ذریعے کے حوالے سے کہا گیا کہ ’یہ بہت ناممکن ہے کہ پی سی بی ایشیا کپ سے دستبردار ہو گا‘۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اینڈی پائی کرافٹ کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی، انہیں صرف پاکستان کے خلاف میچز سے ہٹایا جاسکتا ہے، ان کی جگہ رچی رچرڈسن کو ذمے داریاں دی جاسکتی ہیں۔

ایشین کرکٹ کونسل بھی بیچ کا راستہ نکالنے کی کوشش کررہی ہے، پی سی بی حتمی فیصلے کے بعد اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔

ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم اپنا اگلا میچ بدھ کو یو اے ای کے خلاف کھیلے گی، پاکستان کے بائیکاٹ کی صورت میں یو اے ای کو پوائنٹس مل جائیں گے اور وہ سپر فور مرحلے کے لیے کوالی فائی کرجائے گا۔

میچ ریفری کو ہٹایا گیا اور پاکستان نے یو اے ای کو شکست دی تو پاکستان اگلے مرحلے میں پہنچ جائے گا اور وہاں بھارت سے ایک میچ شیڈول ہوگا۔

واضح رہے کہ پاک بھارت میچ میں کپتان سلمان علی آغا کو مصافحے سے روکنے پر پی سی بی نے پائیکرافٹ کوہٹانےکامطالبہ کیا تھا اور مطالبہ نہ ماننے پرایشیا کپ سے دستبرداری کی دھمکی دی تھی۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل ایشیاکپ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کیا تھا۔

ترجمان پاکستان ٹیم کے مطابق ٹاس کے وقت بھی میچ ریفری نے کپتانوں سے ہاتھ نہ ملانے کی درخواست کی تھی۔

بعد ازاں، پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے بھی بھارتی رویے کے خلاف اختتامی تقریب میں احتجاجاً شرکت نہیں کی۔

علاوہ ازیں، بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کھیل میں سیاست کو لے آئے، پاکستان کے خلاف جیت کو پہلگام واقعے کے نام کر دیا تھا۔

پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں سوریا کمار یادیو نے کرکٹ قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے کہا کہ ’آج کی جیت کو پہلگام واقعے کے نام کرتا ہوں، یہ بھارتی فوج کے لیے ہماری طرف سے تحفہ ہے‘۔