میچ ریفری کی بھارتی عہدیداروں کے ساتھ ملی بھگت ثابت ہوگئی
ایشیاکپ 2025 میں پاک-بھارت ٹاکرے کے دوران میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کی بھارتی عہدیداروں کے ساتھ ملی بھگت ثابت ہوگئی اور انہوں نے یہ سب جان بوجھ کر کیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیاکپ 2025 میں رویتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سامنے آگئی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کی تحقیقات مکمل ہوگئیں جس میں انکشاف ہوا ہے کہ بھارت سے تعلق رکھنے والے وینیو منیجر کے کہنے پر میچ ریفری نے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو بھارتی ٹیم کے کپتان سے ہاتھ ملانے سے منع کیا۔
ذرائع کے مطابق میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے عین ٹاس کے وقت سلمان علی آغا کو مائیک میوٹ کرکے بات سننے کا کہا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ میچ ریفری نے قومی ٹیم کے کپتان کو کہا کہ ٹاس کے بعد سوریا کمار یادوو سے ہاتھ نہیں ملانا۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) قواعد کے مطابق میچ ریفری براہ راست کپتان یا پلیئرز کو ہدایات نہیں دے سکتا، میچ ریفری صرف ٹیم منیجر کو پیغام دینے کا پابند ہے۔
واضح رہے کہ ایشیاکپ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کیا تھا۔
ترجمان پاکستان ٹیم کے مطابق ٹاس کے وقت بھی میچ ریفری نے کپتانوں سے ہاتھ نہ ملانے کی درخواست کی تھی۔
میچ کے بعد بھی دونوں کھلاڑیوں نے ہاتھ نہیں ملائے اور بھارتی کھلاڑی سیدھا اپنے ڈریسنگ روم چلے گئے تھے، احتجاجاً قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھی اختتامی تقریب میں شرکت نہیں کی تھی۔
بعد ازاں، پی سی بی نے زمبابوے سے تعلق رکھنے والے میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایشیاکپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں ٹورنامنٹ میں مزید میچز نہ کھیلنے کی دھمکی دی ہے۔