ایشیا کپ: بھارت کی عمان کو 21 رنز سے شکست، پاکستان سے اتوار کو مقابلہ ہوگا
ایشیا کپ 2025 کے آخری گروپ میچ میں بھارت نے عمان کو 21 رنز سے شکست دے دی ہے، تینوں میچز کی فاتح بھارتی ٹیم ’سپر فور راؤنڈ‘ میں اتوار کو روایتی حریف پاکستان کے مد مقابل آئے گی۔
ابو ظہبی کے شیخ زاہدکرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلےگئے میچ میں بھارت کے 189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم 4 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا کر ہمت ہار گئی۔
عمان کے عامر کلیم 64 اور حماد مرزا 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان جتندر سنگھ نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے ہاردیک پانڈیا، ارشدیپ سنگھ، ہرشیت رانا اور کلدیپ یادیو نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے، ٹاپ آرڈر بیٹر سنجو سیمسن نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اوپنر بلے باز ابھیشک شرما برق رفتار 15 گیندوں پر 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تلک ورما 29 اور اکثر پٹیل نے 26 رنز بنا کر بھارتی ٹیم کے مجموعے میں اضافہ کیا، عمان کے عامر کلیم، شاہ فیصل اور جیتن رامنندی نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔