کھیل

پاکستانی نژاد عمانی کھلاڑی سے گلے ملنے پر بھارتی کپتان سوریا کمار کے بائیکاٹ کا مطالبہ

عمان کی کرکٹ ٹیم میں جہاں پاکستانی نژاد کھلاڑی شامل ہیں، وہیں ٹیم میں بھارتی نژاد کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

پاکستانی نژاد عمانی کرکٹر عامر کلیم سے گلے ملنے پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کو نہ صرف ’غدار‘ کہا جا رہا ہے بلکہ ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

سوریا کمار یادیو نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جاری ایشیا کپ کے دوران 19 ستمبر کو بھارت اور عمان کے درمیان ہونے والے میچ کے اختتام کے بعد پاکستانی نژاد عمانی کرکٹر کو گلے لگایا تھا۔

عمان کی کرکٹ ٹیم میں جہاں پاکستانی نژاد کھلاڑی شامل ہیں، وہیں ٹیم میں بھارتی نژاد کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

عمان سے قبل بھارتی ٹیم نے پاکستان کے ساتھ ہونے والے میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ تک نہیں ملائے تھے جب کہ کرکٹ ضوابط کے مطابق دونوں ٹیموں کو ہارنے یا جیتنے کے بعد بھی ہاتھ ملانے ہوتے ہیں۔

بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی جانب سے 19 ستمبر کو میچ کے بعد پاکستانی نژاد عمانی کھلاڑی عامر کلیم کو گلے لگانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جس کے بعد ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا۔

بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے سوریا کمار یادیو کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں غدار قرار دیا اور کہا کہ ان کے عمل سے ’پہلگام‘ واقعے میں مارے جانے والے افراد کے ورثا کو تکلیف ہوئی ہوگی۔

بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے سوریا کمار یادیو کی جانب سے پاکستانی نژاد عمانی کھلاڑی کو گلے لگانے پر انہیں غدار بھی قرار دیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ سوریا کمار یادیو کا بائیکاٹ کریں، وہ غدار ہیں، انہوں نے دشمن ملک کے کھلاڑی کو گلے لگایا۔

علاوہ ازیں سوریا کمار یادیو کی جانب سے ایشیا کپ کے دوران پاکستانی مداحوں کے ساتھ ویڈیوز اور تصاویر بنوانے پر بھی انہیں تنقید کا سامنا ہے اور انہیں غدار قرار دیتے ہوئے ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جانے لگا ہے۔