کھیل

بھارتی کرکٹ بورڈ کی شکایت پر حارث اور صاحبزادہ فرحان کی آئی سی سی میں پیشی

میچ ریفری رچی رچرڈسن نے سماعت کی، کسی کی دل آزاری کیلئے اشارے نہیں کیے، خوشی منانے کا مقصد کسی کو ٹارگٹ کرنا نہیں تھا، کھلاڑیوں کا جواب

بھارتی بورڈ کی شکایت پر پاکستانی کرکٹرز حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان آئی سی سی کے سامنے پیش ہوگئے، میچ ریفری رچی رچرڈسن نے سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان نے ففٹی اسکور کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بلے کو بناؤٹی بندوق بنا کر فائر کرنے کا اشارہ کیا تھا۔جبکہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے میچ کے دوران وکٹ لینے کے بعد اور باؤنڈری لائن کے قریب فیلڈنگ کرتے ہوئے بھارتی تماشائیوں کی ہلڑبازی اور نعروں کا جواب دیتے ہوئے طیارہ تباہ ہونے کا اشارہ کیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی میچ ریفری رچی رچرڈسن نے سماعت کی، اس موقع پر پاکستان ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ بھی موجود رہے۔

ذرائع کے مطابق میچ ریفری نے حارث روف سے 0-6 کا مطلب پوچھا، حارث رؤف نے الٹا میچ ریفری سے استفسار کیا کہ آپ بتائیں 0-6 کا مطلب کیا ہے جس پر اعتراض ہے؟

ذرائع کے مطابق میچ ریفری نے حارث رؤف سے اشارے بار بار کرنے کی وجہ پوچھی، حارث رؤف نے جواب دیا کہ کسی کی دل آزاری کے لیے اشارے نہیں کیے۔

ذرائع کے مطابق صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ سلیبریشن کا مقصد کسی کو ٹارگٹ کرنا نہیں تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے فیصلہ آج ہی سامنے آنے کا امکان ہے۔