ایشیاکپ فائنل: دبئی میں پاکستان اور بھارت میں سے کس کا پلڑا بھاری؟
ایشیا کپ 2025 کا فائنل آج دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں 5 میچز میں سے 3 بھارت اور 2 میچز پاکستان نے جیتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 25 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش رکھنے والے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے ایشیاکپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
متحدہ عرب امارات میں کے میدان پر دونوں روایتی حریفوں کو کامیابیاں ملیں تاہم دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اب تک 5 بار آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں 3 بار بھارت اور 2 بار پاکستان کو کامیابی ملی۔
مجموعی طور پر دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم پر اب تک 102 ٹی20 میچز کھیلے جاچکے ہیں، پاکستان نے یہاں سب سے زیادہ 37 ٹی20 میچز کھیلے جس میں سے 20 جیتے اور 16 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب، بھارتی ٹیم یہاں 13 ٹی20 میچز کھیل چکی ہے اور شاندار ریکارڈ رکھتی ہے، بھارتی ٹیم کو یہاں 9 کامیابیاں ملیں اور 4 میں اسے شکست ہوئی۔
ٹاس کی بات کریں تو یہاں 42 مرتبہ ٹیموں نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کو ترجیح دی، جن میں سے 23 میت جیتے گئے اور 18 میں شکست ہوئی۔
60 مرتبہ ٹیموں نے اس میدان پر ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کی جس میں 34 جیتے اور 26 میں ناکامی ہوئی۔
پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیمیں 49 میچز اور دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیمیں 52 میچز میں فاتح رہیں ۔
دبئی کے میدان پر 212 رنز کا سب سے بڑا اسکور بھی بھارت نے بنایا جب کہ اس میدان پر پاکستان کو سب سے بڑا اسکور 187 رنز ہے۔