کھیل

پاک-بھارت فائنل، جو کرنا ہے کریں، باقی میں سنبھال لوں گا، محسن نقوی کا کھلاڑیوں کو پیغام

پاکستان کرکٹ ٹیم بے خوف ہوکر کھیلے، چیئرمین پی سی بی؛ پاکستان ٹیم نے ایشیا کپ سے پہلے اور اس کے دوران جو جذبہ دکھایا اس پر مجھے فخر ہے۔ ہیڈ کوچ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹیم کو کھلی چھوٹ دے دی ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی کرکٹرز کو پیغام بھیجا ہے کہ بھارت کےخلاف فائنل مقابلے میں جو کرنا ہے کریں، باقی میں سنبھال لوں گا۔

محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بے خوف ہوکر کھیلنے کی بھی تلقین کی۔

پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھی ہائی وولٹیج مقابلے کے حوالے سے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا کہ اس (پاکستان) ٹیم نے ایشیا کپ سے پہلے اور ٹورنامنٹ کے دوران جو جذبہ دکھایا ہے اس پر مجھے فخر ہے۔

ہم نے شاہد پہلے اچھا کھیل پیش نہیں کیا تھا لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم کبھی ہار نہیں مانتے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں آج پہلی بار فائنل میں مدمقابل ہیں، میگا ایونٹ کے آخری مقابلے کے تمام ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔

ٹی 20 ایشیا کپ کا فائنل آج پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔