کوئٹہ: فتنۃ الخوارج کا خودکش حملہ، 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 11 افراد شہید، 6 دہشتگرد بھی مارے گئے
کوئٹہ میں حالی روڈ پر ایف سی ہیڈکوارٹرز کے قریب بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا، خودکش دھماکے میں 11 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوگئے، واقعے میں خودکش حملہ آور سمیت 6 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں واقع حالی روڈ پر واقع ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر سفید سوزوکی وین کے ذریعے خودکش حملہ کیا گیا۔
خودکش حملہ آور کے ساتھ آنے والے دہشت گردوں نے دھماکے کے بعد ایف سی ہیڈکوارٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا، حملے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے ڈان نیوز ڈات ٹی وی کو بتایا کہ دھماکے میں 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوئے، جنہیں سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے بتایا کہ دیگر اسپتالوں سے زخمیوں کے حوالے سے معلومات جمع کررہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی کی کارروائی میں ایف سی ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایاگیا، ایف سی اہلکاروں نے بہادری سےمقابلہ کیا اور 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ خودکش دھماکے کا ایک زخمی ٹراما سینٹر سول ہسپتال میں دم توڑ گیا جس کے بعد شہید کی تعداد 11 ہوگئی، جبکہ دھماکے میں 36 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق شہید ہونے والے شہری کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، تمام دہشت گرد مارے گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب پیش آیا، دھماکے کے بعد شدید فائرنگ بھی کی گئی۔
دھماکے کے بعد سامنے آنے والی فوٹیجز میں طویل فاصلے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) اسپیشل آپریشنز کوئٹہ محمد بلوچ کے مطابق ’دھماکا اس وقت ہوا جب بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی ماڈل ٹاؤن سے حالی روڈ کی طرف فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز کے قریب مڑی‘۔
ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا کی فوٹیج میں وہ لمحہ قید ہوگیا جب زوردار دھماکے نے سڑک کو ہلا کر رکھ دیا۔
At least 10 people were killed and 32 were injured on Tuesday after a bomb blast ripped through a busy street in Quetta, Balochistan Health Minister Bakht Muhammad Kakar told Dawn.com. “Thirty-two injured have been taken to the Civil Hospital and Trauma Centre,” Kakar said. Following the explosion, the Balochistan Health Department imposed an emergency in hospitals across the capital, according to Health Secretary Mujeebur Rehman. “An emergency has been declared at the Quetta Civil Hospital, Balochistan Medical College (BMC) Hospital Quetta, and the Trauma Centre,” a statement from Rehman said. DawnToday
سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن کے مطابق دھماکے کے بعد صوبائی دارالحکومت کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ، بلوچستان میڈیکل کالج (بی ایم سی) ہسپتال کوئٹہ اور ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، فارماسسٹ، اسٹاف نرسز اور پیرامیڈیکل عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہسپتالوں میں موجود رہیں۔
وزیراعظم کی دہشتگردوں کو واصل جہنم کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی
وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں بھارتی پراکسی کے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی اور حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کے لیے جلد از جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم، نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو عبرت ناک سزا دیں گے، حکومت، سیکیورٹی فورسز اور قوم دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے، عوام اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بلوچستان کو پرامن اور محفوظ بنانے کے عزم پر کاربند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کوئٹہ میں فتنۃ الہندوستان کے 6 حملہ آوروں کو جہنم واصل کرنے پر ایف سی جوانوں کی ستائش کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی کے بہادر سپوتوں نے خودکش بمبار سمیت 6 دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر مذموم عزائم کو ناکام بنایا، ایف سی کے جوانوں نے جرات کے ساتھ فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف سی جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں پر ناز ہے، محسن نقوی نے 2 زخمی جوانوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔