پاکستان

ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ، جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک

پولیس ٹریننگ سینٹر پر 7 سے 8 دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا،ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑالیا، جوابی کارروائی میں دو دہشتگرد مارے جاچکے ہیں، ڈی پی او

ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر خود کش حملہ ناکام بنا دیا گیا، بھارتی ہتھیاروں سے لیس نامعلوم دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ڈیرہ اسمٰعیل خان سجاد احمد صاحبزادہ کے مطابق ڈی آئی خان کے پولیس ٹریننگ سینٹر پر 7 سے 8 دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔

ڈی پی او کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے ٹریننگ سینٹر کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد مارے گئے۔

دھماکے کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، صورتحال پر قابو پانے کے لیے اعجاز شہید پولیس لائنز سے پولیس کی اضافی نفری پہنچی۔

آپریشن کی نگرانی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسمٰعیل خان سجاد احمد نے کی، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں زیادہ تر حملے پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا یا گیا، حملوں میں اضافہ اُس وقت ہوا تھا، جب کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے 2022 میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کو ختم کر دیا تھا۔