صدراور وزیراعظم کے درمیان اہم ملاقات، آزاد کشمیر میں ممکنہ سیاسی تبدیلی سمیت ملکی صورتحال پر گفتگو
ایوان صدر میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں آزاد کشمیر میں ممکنہ سیاسی تبدیلی سمیت ملکی سیاسی صورت حال اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ایوان صدر میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے وفد بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر بھی ملاقات میں موجود تھے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثنا اللہ نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق صدر اور وزیراعظم کی ملاقات میں اہم قومی و سیاسی امور پر تفصیلی مشاورت ہوئی، ملاقات میں آزاد کشمیر کی ممکنہ سیاسی تبدیلی پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ اتحادی قیادت نے ملکی سیاسی صورتِ حال اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف ایوانِ صدر سے وزیراعظم ہاؤس روانہ ہوگئے۔
قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان آج شام ایوان صدر میں ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اہم ملاقات ایوان صدر میں ہوگی، وزیراعظم کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے وزرا بھی اس ملاقات میں شریک ہوں گے، جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو بھی پارٹی کے وفد کے ساتھ شرکت کریں گے۔
یاد رہے کہ آزاد کشمیر میں ممکنہ ان ہاؤس تبدیلی کے پیش نظر پیپلز پارٹی نے وزارت عظمیٰ کے لیے چوہدری یٰسین کو امیدوار فائنل کرلیا ہے۔