آزاد کشمیر میں حکومت سازی: صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی آج ملاقات متوقع
آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان آج شام ایوان صدر میں ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اہم ملاقات ایوان صدر میں ہوگی، وزیراعظم کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے وزرا بھی اس ملاقات میں شریک ہوں گے، جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو بھی پارٹی کے وفد کے ساتھ شرکت کریں گے۔
یاد رہے کہ آزاد کشمیر میں ممکنہ ان ہاؤس تبدیلی کے پیش نظر پیپلز پارٹی نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے چوہدری یٰسین کو امیدوار فائنل کرلیا ہے۔
اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس میں چوہدری یٰسین کے نام کی منظوری دی۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی قیادت بھی شریک تھی، جب کہ اجلاس کے دوران وزارتِ عظمیٰ کے لیے 4 ناموں پر غور کیا گیا جن میں چوہدری یٰسین، لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور اور سردار یعقوب خان شامل تھے۔
تاہم، بلاول بھٹو زرداری نے چوہدری یٰسین کو حتمی امیدوار نامزد کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل صدر مملکت آصف علی زرداری سے حکومتی کمیٹی برائے کشمیر امور کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی تھی۔
اس ملاقات میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور آزاد کشمیر کے سینئر رہنما موجود تھے، اہم ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور اِن ہاؤس تبدیلی پر غور کیا گیا تھا۔













لائیو ٹی وی