کھیل

ٹرائی نیشن سیریز: زمبابوے کی سری لنکا کو 67 رنز کے بھاری مارجن سے شکست

فاسٹ باؤلر بریڈ ایونز نے صرف 9 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، رچرڈ ناگرآو ا نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں، سری لنکن کپتان ڈاسن شاناکا 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ٹرائی نیشن سیریز کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے سری لنکا کو 67 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز کی پہلی فتح اپنے نام کر لی ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو

جیت کے لیے 163 رنز کا ہدف دیا تھا، ہدف کے تعاقب میں لنکن ٹائیگرز 95 رنز پر ہی ہمت ہار گئے۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان ڈاسن شاناکا کے 34 رنز کے علاوہ کوئی بھی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا، 9 بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

زمبابوے کی طرف سے بریڈ ایونز نے صرف 9 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، رچرڈ ناگرآو ا نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں، 4 باؤلرز نے ایک،ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

قبل ازیں، زمبابوبے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے، برائن بیننٹ نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے شاندار 49 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان سکندر رضا نے بھی 3 چوکوں اور 2 چھکوں کے ساتھ عمدہ 47 رنز کی اننگز کھیل کے ٹیم کے مجموعے کو آگے بڑھایا۔

سری لنکن اسپنر وانندو ہاسارنگا نے 32 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایشان مالنگا 2 کھلاڑیوں کا شکار کرنے میں کامیاب رہے، دشمانتھا چمیرا اور ماہیش ٹھیکشانہ نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔

واضح رہے کہ ٹرائی نیشن سیریز کے پہلے میچ میں میزبان پاکستان نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔