لکی مروت اور بنوں میں دہشت گرد حملے، چار پولیس اہلکار شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ میں اتوار کو دہشت گردوں کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کے تین اہلکار شہید ہو گئے۔
ضلع پولیس افسر کے ترجمان قدرت اللہ نے ڈان کو بتایا کہ تینوں ٹریفک پولیس اہلکار دل بیگو خیل کے قریب ڈیوٹی پر موجود تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی۔
ترجمان کے مطابق تینوں اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں ٹکٹنگ آفیسر انچارج جلال خان شامل تھے، جبکہ دیگر دو اہلکاروں کی شناخت عزیز اللہ اور عبداللہ کے نام سے ہوئی۔
لاشوں کو نورنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ واقعے کے مقام پر پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب ضلع بنوں کے علاقے کشفی خیل میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک پولیس کانسٹیبل شہید ہو گیا۔
بنوں کے ڈی پی او کے ترجمان آصف حسن نے ڈان کو بتایا کہ شہید کانسٹیبل رشید خان اتوار کی صبح گھر سے ڈیوٹی کے لیے نکل رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے، جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا۔