زہرہ شاہد قتل: 2 مزید ملزمان پرفردِ جرم عائد

22 مئ 2015
زہرہ شاہد کے قتل میں گرفتار ملزم کلیم—۔ڈان نیوز اسکرین گریب
زہرہ شاہد کے قتل میں گرفتار ملزم کلیم—۔ڈان نیوز اسکرین گریب

کراچی: کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے زہرہ شاہد قتل کیس کے دو ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کی نائب صدر زہرہ شاہد کو مئی 2013 میں کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز فور میں فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی: تحریک انصاف سندھ کی نائب صدر زہرہ شاہد قتل

جمعہ کو کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں زہرہ شاہد کے قتل میں گرفتار ملزمان میں سے 2 ملزمان کلیم اور عرفان عرف لمبا کو پیش کیا گیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے دونوں پر فرد جرم عائد کردیا، تاہم دونوں مزمان نے عدالت کے روبرو صحت جرم سے انکار کیا۔

جبکہ کیس کی سماعت یکم جون تک ملتوی کردی گئی۔

اس سے قبل عدالت ملزمان راشد عرف ماسٹر اور زاہد عباس زیدی پر پہلے ہی فرد جرم عائد کرچکی ہے۔

ستمبر 2014 میں پولیس نے زہرہ شاہد کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث تین ملزمان راشد عرف ماسٹر،زاہد عباس زیدی اور کلیم کو گرفتار کیا تھا، جن کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے بتایا گیا، بعدازاں ایک اور ملزم عرفان عرف لمبا کو بھی گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما زہرہ شاہد کے مبینہ قاتل گرفتار

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پر زہرہ شاہد کے قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے خلاف احتجاج کا اعلان بھی کیا تھا۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے زہرہ شاہد کے قتل کی تفتیش کے بغیر ہی الطاف حسین پر الزامات عائد کردیے ہیں چنانچہ وہ تحریکِ انصاف کے خلاف پوری دنیا میں مظاہرے کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں