ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے ساتھ نئی تاریخ رقم

27 نومبر 2015
آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ گلابی گیند کا سامنا کرتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ گلابی گیند کا سامنا کرتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

ایڈیلیڈ: نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے پہلے تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کا پہلا آسٹریلیا کی برتری پر اختتام پذیر ہوا جہاں نیوزی لینڈ کے 202 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے دو وکٹ پر 54 رنز بنا لیے ہیں۔

ایڈیلیڈ میں نیوزی لینڈ نے کرکٹ کی تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اس تاریخی موقع سے لطف اندوز ہونے کیلئے اسٹیڈیم میں 47 ہزار سے زائد لوگ موجود تھے، اس موقع پر عالمی کرکٹ میں پہلی مرتبہ گلابی گیند کا استعمال کیا گیا.

ٹاس جیت کو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ نیوزی لینڈ کیلئے کچھ اچھا ثابت نہ ہوا اور کسی بھی بلے باز نے وکٹ پر زیادہ دیر قیام کی زحمت گوارا نہ کی اور اکثر وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد وکٹیں گنواتے رہے۔

اس ٹیسٹ کی پہلی جوش ہیزل وڈ نے مارٹن گپٹل کو آؤٹ کر کے حاصل کی جو صرف ایک رن ہی بنا سکے۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 202 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی، ٹام لیتھم 50 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ مچل سینٹنر 31 اور بی جے واٹلنگ 29 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور ہیزل وڈ نے تین تین جبکہ ایک عرصے بعد ٹیم میں واپس آنے والے پیٹر سڈل اور ناتھن لایون نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں آسٹریلین اننگ کا آغاز بھی کچھ مختلف نہ تھا اور گزشتہ دو ٹیسٹ میچوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈیوڈ وارنر اس بار صرف ایک رن بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی وکٹ بن گئے۔

جو برنس اور کپتان اسٹیون اسمتھ نے اسکور کو 34 تک پہنچایا ہی تھا کہ ڈگ بریسویل نے اوپننگ بلے باز کی وکٹیں بکھیر دیں۔

جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے دو وکٹ کے نقصان پر 54 رنز بنائے تھے، اسمتھ اور ایڈم ووگس وکٹ پر موجود ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں