تعلقات ختم ہونے کے بعد اماراتی شخص کو بلیک میل کرنے والی ڈانسر کو سزا

09 اگست 2019
خاتون  نے اماراتی شخص کو واٹس ایپ پر نامناسب پیغامات بھیجے—فائل فوٹو: خلیج ٹائمز
خاتون نے اماراتی شخص کو واٹس ایپ پر نامناسب پیغامات بھیجے—فائل فوٹو: خلیج ٹائمز

دبئی کی مقامی عدالت نے تعلقات ختم ہونے کے بعد پیسوں کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ایک شخص کو بلیک میل کرنے اور مبینہ طور پر مذہب کی توہین کرنے پر 3 ماہ قید اور بعد ازاں ملک بدر کرنے کی سزا سنادی۔

جس خاتون کو دبئی کی عدالت نے جیل قید اور ملک بدر کرنے کی سزا سنائی وہ دبئی کے ایک کلب میں ڈانسر تھیں اور 2 سال قبل ان کے تعلقات اماراتی شخص سے استوار ہوئے تھے۔

تعلقات استوار ہونے کے بعد دونوں نے متعدد ملاقاتیں کیں اور یورپی ملک اسپین میں بھی ایک ساتھ وقت گزارا، جہاں دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات بھی استوار ہوئے۔

بعد ازاں دونوں میں علیحدگی ہونے کے بعد ڈانسر خاتون نے اماراتی شخص کو بلیک میل کرنا شروع کیا، جس پر متاثرہ شخص نے ان کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی کی عدالت نے 35 سالہ مراکشی خاتون کو اماراتی شخص کو بلیک میل کرنے، انہیں دھمکانے اور توہین مذہب کے الزام میں 3 ماہ جیل اور بعد ازاں ملک سے بے دخل کرنے کا حکم دیا۔

رپورٹ کے مطابق خاتون نے اماراتی شخص کو رومانوی تعلقات کے دوران نامناسب حالت میں کھینچی گئی تصاویر بھیج کر بلیک میل کرنا شروع کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی: خاتون کا ریپ کرنے اور انہیں کتے کا گوشت کھانے پر مجبور کرنے والے کو سزا

خاتون نے اماراتی شخص کو دھمکی دی کہ وہ انہیں ماہانہ 4500 درہم اخراجات کی مد میں ادا کرتا رہے، ورنہ وہ ان کی نامناسب تصاویر ان کی اہلیہ اور خاندان کے دیگر افراد کو بھیج دیں گی۔

خاتون نے اماراتی شخص کو بلیک میل کرنے کے درمیان مبینہ طور پر مذہب کے خلاف بھی نامناسب باتیں کیں اور سابق دوست کو دھمکیاں دینا بھی شروع کیں۔

متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ ان کے اور بار ڈانسر کے درمیان 2 سال قبل تعلقات استوار ہوئے تھے۔

متاثرہ شخص کے مطابق بار ڈانسر طلاق یافتہ ہیں اور ان کے 2 بچے بھی ہیں۔

متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ انہوں نے بار ڈانسر سے تعلقات استوار کرتے وقت انہیں اپنی شادی اور دوسرے اہل خانہ سے متعلق ہر چیز بتا دی تھی اور ان سے کہا تھا کہ اگر وہ ان کے ساتھ تعلقات میں رہنا چاہتی ہیں تو انہیں ڈانسر کی نوکری چھوڑ کر شراب نوشی کو بھی ترک کرنے پڑے گا۔

مزید پڑھیں: دبئی میں ریپ کیس میں ناروے خاتون کو معافی

متاثرہ شخص کے مطابق دونوں کے درمیان 2 سال تک تعلقات رہے اور دونوں کے درمیان اسپین کے دورے کے وقت رومانوی تعلقات بھی استوار ہوئے اور ڈانسر نے اس وقت کچھ تصاویر کھینچی تھیں جن کے ذریعے اب انہیں بلیک میل کیا جا رہا تھا۔

متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ جب خاتون نے ڈانس بار کی نوکری چھوڑنے سے انکار کیا تو انہوں نے مراکشی خاتون سے راستے الگ کرلیے، جس کے بعد وہ انہیں بلیک میل کرتی رہیں۔

عدالت نے تمام ثبوتوں کے بعد خاتون کو 3 ماہ قید کی سزا سنانے اور بعد ازاں انہیں یو اے ای سے بے دخل کرنے کا حکم دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں