لاہور قلندرز کو دھچکا، راشد خان کا وطن واپسی کا اعلان

اپ ڈیٹ 24 فروری 2021
راشد خان نے لاہور قلندرز کے ابتدائی دونوں میچوں میں بہترین باؤلنگ کی —فوٹو: راشد خان ٹوئٹر
راشد خان نے لاہور قلندرز کے ابتدائی دونوں میچوں میں بہترین باؤلنگ کی —فوٹو: راشد خان ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 میں ابتدائی دو میچوں میں شان دار کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم لاہور قلندرز جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے آل راؤنڈر راشد خان کی خدمات سے محروم ہوگئی۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے عالمی نمبر ایک باؤلر راشد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ 'جلد ہی پی ایس ایل کو ادھورا چھوڑ کر جارہا ہوں کیونکہ افغانستان کے لیے قومی فرائض کی انجام دہی میں شرکت کرنا ہے'۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل2021: لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

انہوں نے کہا کہ 'میں لاہور قلندرز اور تمام مداحوں کا شان دار تعاون اور پیار دینے پر شکر گزار ہوں'۔

انہوں نے کہا کہ 'انشااللہ اگلے سال ملیں گے'۔

خیال رہے کہ افغان کرکٹ ٹیم کے نوجوان کپتان نے پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں شرکت کی تھی اور لاہور قلندرز کی جانب سے ابتدائی دونوں میچوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

راشد خان کی موجودگی میں لاہور قلندرز نے لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ابتدائی دونوں میچوں میں فتوحات حاصل کیں۔

راشد خان نے 21 فروری کو پشاور زلمی کے خلاف کوئی وکٹ نہیں لی تاہم بیٹنگ میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 15 گیندوں پر 27 رنز بنائے تھے اور خوب صورت چھکے کے ساتھ ٹیم کو کامیابی دلائی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے عالمی نمبر ایک باؤلر نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں کامیاب بلے باز کرس گیل کو ایک ایسے وقت میں وکٹیں اڑا کر آؤٹ کردیا جب وہ 68 رنز بنا کر خطرناک انداز میں کھیل رہے تھے۔

خیال رہے کہ راشد خان افغان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے جارہے ہیں جہاں زمبابوے کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

افغانستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 2 مارچ کو متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں شروع ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 10 مارچ کو شروع ہوگا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 17 مارچ کو دبئی میں ہوگا، دوسرا میچ 19 مارچ اور تیسرا میچ 20 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

HonorBright Feb 23, 2021 08:34pm
Bhai IPL ho rehi ho tab bhi apni national duty yaad rakhna, best wishes ;)