لکی مروت: پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی مشترکہ کارروائی، 6 دہشت گرد ہلاک

اپ ڈیٹ 23 فروری 2023
ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے—فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان کے 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

لکی مروت پولیس کے ترجمان شاہد حمید نے بتایا کہ پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی نے مختلف بم حملوں اور دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث دہشت گردوں کی تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد چوکی عباسہ پر حملے کا منصوبہ بنارہے ہیں، جس پر لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی بنوں کی ٹیم دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کے لیے پہنچی تو دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر کئی اطراف سے فائرنگ شروع کر دی۔

مزید بتایا کہ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ شروع کی، کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، فائرنگ رکنے پر پولیس نے تلاش شروع کی تو 6 دہشت گرد مارے جا چکے تھے، جن کے پاس سے اسلحہ، گولہ بارود اور دستی بم بھی ملے۔

پولیس ترجمان کے مطابق مارے گئے 6 مبینہ دہشت گردوں میں چار کی شناخت ضیا اللہ عرف کوچی ولد داود، صفت اللہ عرف ڈرون ولد حیات اللہ، محیب اللہ ولد شریف اور کلیم اللہ عرف فقیر ولد امیرنواز سے ہوئی جبکہ باقی ہلاک 2 دہشت گردوں کی شناخت کی جارہی ہے۔

پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد پولیس پرحملوں اور دہشت گردی کے واقعات میں لکی مروت پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کو مطلوب تھے، جو کالعدم ٹی ٹی پی کے سر گرم ارکان تھے۔

واضح رہے گزشتہ سال نومبر میں اسی علاقے میں دہشت گردوں نے چوکی عباسہ کی پولیس موبائل گاڑی پرحملہ کیا تھا جس میں پولیس کے 6 جوان شہید ہو گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں