ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس(اے ایس ایف) نے سوشل میڈیا پر اے ایس اہلکار کے بچی سے ناروا سلوک کی وائرل ویڈیو پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ ایک پرانی ویڈیو ہے جس کے ذمہ دار کو سزا دی جا چکی ہے اور کچھ عناصر نے اس پرانے واقعے کو فورسز اور افواج پاکِستان کو بدنام کرنے کے لیے بدنیتی سے جان بوجھ کر نئے سرے سے پھیلایا جو گھناوٴنی سازش ہے۔

اے ایس ایف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک بچی اپنے والد کو دیکھ کر بے ساختہ ان کی طرف لپکتی ہے اور انٹری پر موجود اہلکار اس کو غیر شائستہ طریقے سے روکتا ہے اور وہ نیچے گرجاتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ ایک پرانی ویڈیو ہے جس کے ذمہ دار کے خلاف سخت محکمانہ تادیبی کارروائی عمل میں لا کر افسر کو قانون کے مطابق کڑی سزا دی جا چکی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اے ایس ایف پاکِستان آرمی ایکٹ کے تابع ایک منظم فورس ہے اور فورس کے اہلکار اپنے فرائض منصبی ثابت قدمی اور خوش خلقی سے سر انجام دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں بھی کوئی کوتاہی سامنے آتی ہے اسی وقت اس کا تدارک کیا جاتا ہے، مذکورہ اہلکار کا یہ فعل انفرادی عمل تھا اور فورس کسی بھی اہلکار کے کسی بھی نامناسب رویے کے خلاف عدم برادشت کے رویے کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔

ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے کہا کہ کچھ عناصر نے اس پرانے واقعے کو بدنیتی سے جان بوجھ کر نئے سرے سے فورسز اور افواج پاکِستان کو بدنام کرنے کی غرض سے پھیلایا جو ایک گھناوٴنی سازش ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس میں افواج پاکستان کی طرز پر احتساب کا بِلا تخصیص کڑا نِظام رائج ہے جِس سے کوئی بھی بالا تر نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس بطور ادارہ مذکورہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار اور دل آزاری پر معذرت کرتی ہے اور ساتھ ہی ساتھ اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں ایسا کوئی اور واقعہ کبھی رونما نہ ہو۔

سوشل میڈیا پر گزشتہ روز ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایئرپورٹ پر تعینات سیکیورٹی اہلکار کو کم عمر بچی کو دھکا دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے بھی سیکیورٹی فورس کے اہلکار کے اس ناروا سلوک پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’جو شخص بچوں کے ساتھ حسنِ سلوک نہیں کرسکتا، وہ اس قابل نہیں کہ اسے کسی بھی پبلک ڈیلنگ والی جگہ پر تعینات کیا جائے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں