لاہور ہائی کورٹ نے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات لاہور اور شیخوپورہ کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا کہ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) پنجاب سو ایکڑ رقبے پر کیا کرنے جارہے ہیں، جس پر وکیل سی بی ڈی نے بتایا کہ سی بی ڈی پنجاب حکومت کا پروجیکٹ کرنے جا رہا ہے۔

ممبر جوڈیشل واٹر کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز زرعی رقبے کو ختم کررہی ہیں اس سے فوڈ سیکیورٹی کے مسائل پیدا ہوں گے، جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ اس پر حکومت کو سنجیدگی کے ساتھ سے غور کرنا ہوگا۔

وکیل سی بی ڈی کا کہنا تھا کہ لاہور کے گردونواح میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی بھرمار ہے، دو ایکڑ زمین خرید کر بجلی کا کھمبا لگا دیا جاتا ہے اور ہاؤسنگ سوسائٹی بن جاتی ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ شاید ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق کوئی پالیسی نہیں ہے۔

جسٹس شاہد کریم کا کہنا تھا کہ ڈی جی ماحولیات ان دونوں افسران کو فوری تبدیل کریں، عدالت نے ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پرافسران کو تبدیل کرنے کا حکم دیا۔

بعد ازاں، سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

تبصرے (0) بند ہیں