شوگر کارٹیل اور سٹہ مافیا پھر سرگرم، کراچی میں چینی 8 روپے فی کلو مہنگی

شائع May 15, 2025
فروری میں بھی چینی کی قیمتوں میں 28 روپے فی کلو تک کا اضافہ ہوگیا تھا — فائل فوٹو
فروری میں بھی چینی کی قیمتوں میں 28 روپے فی کلو تک کا اضافہ ہوگیا تھا — فائل فوٹو

شوگر کارٹیل اور سٹہ مافیا پھر سرگرم ہوگیا، کراچی میں چینی کی فی کلو قیمت میں 8 روپے کا اضافہ ہوگیا اور فی کلو چینی 170 روپے پر پہنچ گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں چینی کی ہول سیل قیمت میں 8 روپے کلو کا اضافہ ہونے کے بعد فی کلو چینی کی قیمت 170 روپے پر جا پہنچی ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد ریٹیل میں چینی 185 روپے کلو میں فروخت ہونے لگی ہے، ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے چینی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف ابراہیم نے کہا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو چینی 200 روپے فی کلو تک چلی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چینی کی ایکس مل قیمت 168 روپے ہے، وفاق نے ریٹیل قیمت 164 روپے مقرر کی تھی، تاہم سرکاری قیمتوں پر عمل درآمد ہوتا نظر نہیں آرہا، حکومت عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

یاد ر ہے کہ فروری کے مہینے میں چینی کی افغانستان کو برآمدات میں ریکارڈ اضافے کی وجہ سے قیمتوں میں 28 روپے کلو تک اضافہ ہوگیا تھا۔

سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ جولائی 2024 تا جنوری 2025، رواں مالی سال کے 7 ماہ کے دوران افغانستان کو چینی کی برآمد میں حیرت انگیز طور پر ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات میں سب سے زیادہ حصہ چینی کا ہی ہے، رواں مالی مالی سال کے پہلے7 ماہ میں افغانستان کے لیے چینی کی برآمد 26 کروڑ 27 لاکھ ڈالر رہی ہے۔

گزشتہ سال اسی مدت کے دوران افغانستان کے لیے چینی کی برآمد محض 59 لاکھ ڈالر تھی۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025